جموں//
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی جموں میں جمعرات کے روز پی ایچ ای ڈیلی ویجروں نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاجی مظاہرئے کئے اور مین شاہراہ پر دھرنا دیا۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہلکا لاٹھی چارج کیا جس دوران متعدد ڈیلی ویجروں کو احتیاطی طورپر حراست میں لیا گیا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جمعرات کے روز جموں میں پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کی ایک بڑی تعداد نے چیف انجینئر دفتر سے جلو س نکالا ۔
معلوم ہوا ہے کہ جوں ہی جلوس میں شامل شرکاء مین شاہراہ کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر پہلے سے تعینات پولیس اہلکاروں نے اُن کا راستہ روکا جس دوران مظاہرین نے شاہراہ پر دھرنا دیا جس وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی ۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین نے بتایا کہ ایل جی انتظامیہ کی جانب سے اُن کی مانگوں کو پورا کرنے کی خاطر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہیں۔
پچھلے کئی مہینوں سے وہ نوکریوں کو مستقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے ۔
اُن کے مطابق پچھلے بیس برسوں سے وہ ڈیلی ویجر کے بطور اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی حکومت ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل کرنے کا فیصلہ نہیں لے رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ موسم سرما ہو یا گرما ،نامساعد حالات ہو یا آفات سماوی ڈیلی ویجر دن رات اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں لیکن حکومت اُن کی اورکوئی توجہ مبذول نہیں کر رہی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ جوں ہی ڈیلی ویجروں نے سیول سیکریٹریٹ کی طرف پیش قدمی شروع کی تو پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے اُنہیں روکا جس دوران ہاتھا پائی کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے ۔
پولیس نے حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے متعدد ڈیلی ویجروں کو گاڑیوں میں بھر کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔