جموں/۵ستمبر
حکام نے پیر کے روز پاکستانی جنگجو تبارک حسین جس کو راجوری میں لائن آف کنٹرول پر زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا اور جس کی بعد میں موت واقع ہوئی، کی لاش کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لاش کو پیر کی صبح گیارہ بجے پونچھ میں چکن دا باغ گیٹ کو کھول کر پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ تبارک حسین ساکن سبزہ کوٹ پاکستان 21 اگست کو راجوری کے جھنجر سیکٹر میں ایل او سی پر اس وقت زخمی ہوئے تھے جب اس نے در اندازی کی کوشش کی تھی اور فوج کو اس پر گولی چلانا پڑی تھی۔
ذرائع نے کہا کہ مذکورہ جنگجو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے علاج و معالجے کے لئے فوجی جنرل ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا تھا جہاں تین ستمبر کی شام اس کی موت واقع ہوئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تبارک حسین کو اس سے قبل بھی سال2016 میں در اندازی کی کوشش کرنے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا اور پھر 26 مہینوں کی سزا کاٹنے کے بعد رہا کرکے پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا تھا۔
دریں اثنا پولیس نے بھی حیسن کی لاش کو پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کی تصدیق کی ہے ۔