کوئی یہ بات سمجھنے کیلئے تیار ہی نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ یہ محض ایک کھیل کے… کھیل کے سواکچھ بھی نہیں… بالکل بھی نہیں ۔مانا کہ ہندپاک ایک دوسرے کے دشمن نہ سہی حریف ہیں… مانا کہ ان میں تعلقات گزشتہ ۷۵ برسوں سے عام ہمسایوں جیسے نہیں ہیں… یہ بھی مانا کہ تقسیم سے پہلے یہ دونوں ایک ہی ملک کا حصہ تھے… یہ بھی تسلیم کیا کہ تقسیم کے بعد ان دونوں میں محبت کم اور نفرت زیادہ ہے… یہ بھی اقرار ہے کہ دونوں میں جنگیں ہوئیں… تین ساڈھے تین جنگیں… لیکن صاحب کرکٹ تو کوئی جنگ نہیں ہے… یہ تومحض ایک کھیل ہے … نہ اس سے زیادہ اور نہ کم… لیکن صاحب یہ ایک بات دونوں ممالک کے کرکٹ دیوانوں کی سمجھ میں نہیں آ رہی ہے… یا وہ اس ایک بات کو سمجھنا نہیں چاہتے ہیں… پاکستان کسی اور ٹیم سے ہار جائے تو غم نہیں‘ اُس ملک کے شائقین کا بلڈ پریشر جوں کا توں رہتا ہے… لیکن اگر بھارت کے ہاتھوں اس شکست ہو تو… تو سب کے تن بدن میں آگ لگ جاتی ہے… ایسا ہی کچھ حال ہمارے ہاںبھی ہے…ہماری قومی ٹیم سب سے ہارے ‘لیکن پاکستان سے نہیں ہارنی چاہئے… ہار گئی اور… اور اگر اس ہار کے دوران کسی کھلاڑی سے کوئی غلطی ہو ئی تو… تو اس کی خیر نہیں … گزشتہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں محمد شمی نے خراب گیند بازی کی اور… اور پھر اس کی خبر لی گئی اور… اور اتوار کو ہوئے میچ میں ارش دیپ سنگھ سے کیچ کیا چھوٹ گیا کہ … کہ بے چارے کے پیچھے لوگ پڑ گئے ہیں… کچھ اس طرح پڑ گئے ہیں کہ اس کی راتوں کی نیند اور دن کا سکون چھن گیا ہے۔ابھی تو ممکنہ طور پر ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں ایک اور بار ملنے والی ہیں… شاید فائنل میں یہ دونوں ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی… اس سے پہلے ہم دونوں ممالک کے شائقین اور کرکٹ کے ان دیوانوں سے کہنا چاہتے ہیں… یہ کہنا چاہتا ہے کہ صاحب! سنبھل جائیے اور… اور اس لئے سنبھل جائیے کہ… کہ یہ کرکٹ ہے… ایک کھیل ہے‘ اس سے زیادہ کچھ نہیں ‘ جس میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے… اگر آپ کی سمجھ میں یہ بات نہیں آ رہی ہے تو… تو دونوں ممالک کے کھلاڑیوں سے کچھ سیکھ لیجئے جو میدان کے باہر ایک دوسرے سے پیار و محبت اور عزت و احترام کے ساتھ پیش آتے ہیں۔ ہے نا؟