اللہ میاں رحم کریں! یہ ہم سن کیا رہے ہیں اور دیکھ کیا رہے ہیں؟ اور جو ہم دیکھ رہے ہیں، سن رہے ہیں، وہ لاشوں پر سیاست ہے، کچھ اور نہیں……. بالکل بھی نہیں۔ہمیں کوئی افسوس نہیں ہوتا، بالکل بھی نہیں ہوتا، اور اس لیے نہیں ہوتا کہ سیاست دانوں سے ہمیں خیر کی امید ہے اور نہ ہی کوئی توقع۔ اس لیے اگر وہ لاشوں پر بھی سیاست کر رہے ہیں تو……. تو انہیں کرنے دیجئے کہ یہ ان کا کام دھندا ہے……. یعنی روزی روٹی ہے۔لیکن صاحب! یہ کیا بات ہوئی کہ آپ مساجد اور اسلام کو اس میں گھسیٹ لیں؟ آپ اپنی گھٹیا سیاست کے لیے مساجد اور اسلام کو گھسیٹ لیں، صاحب! یہ اچھی بات نہیں ہے اور……. اور بالکل بھی نہیں ہے۔کشتواڑ میں دو ایس پی اوز کی ہلاکت کیوں ہوئی، کیسے ہوئی، کس نے کی اور کس نے نہیں کی، یہ سب تحقیقات سے سامنے تو آ ہی جائے گا……. اس پر کانگریس اور بی جے پی جو سیاست کر رہی ہیں، انہیں کرنے دیجئے، لیکن صاحب! کچھ تو رحم کیجئے……. کچھ تو اپنی اس بے لگام زبان کو لگام دیجئے تاکہ اس سے وہ سب الفاظ نہ نکلیں جو ایک سیاست دان کے منہ سے بھی نکلنا مناسب نہیں ہیں……. بالکل بھی نہیں ہیں۔آپ اس مسئلے پر ہندو مسلم کرنا چاہتے ہیں تو کیجئے، شوق سے کیجئے۔ آپ سماج کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں تو بسم اللہ……. لیکن صاحب! مساجد کو بیچ میں نہ لائیں اور……. اور اس لیے بھی نہ لائیں کہ مساجد اللہ میاں کا گھر ہوتی ہیں، جہاں سے ہمیشہ خیر اور سلامتی کا پیغام اور درس دیا جاتا ہے……. قتل و غارت، فساد اور خون خرابے کا نہیں……. بالکل بھی نہیں۔بی جے پی، قرہ……. طارق حمید قرہ سے معافی کا تقاضا کر رہی ہے اور کانگریس بی جے پی کے لیڈر آف اپوزیشن یعنی ایل او پی صاحب سے اس کا مطالبہ کر رہی ہے……. ایک دوسرے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی بھی باتیں ہو رہی ہیں اور……. اور زور و شور سے ہو رہی ہیں……. ہمیں اس پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہے……. اعتراض اگر ہے تو صرف اس ایک بات پر کہ مساجد اور اسلام کو خواہ مخواہ گھسیٹا جا رہا ہے……. ایسا نہیں ہونا چاہئے اور جو ایسا کر رہا ہے……. دانستہ طور پر کر رہا ہے، اسے تو ایک عدد معافی مانگنی ہی چاہئے۔ ہے نا؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔



