بڈگام ریلوے اسٹیشن پر بھینس کے مشتبہ سڑے ہوئے گوشت کی بھاری مقدار کی برآمدگی نے وادی کشمیر میں غذائی تحفظ اور سرکاری نگرانی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ دو دن کے دوران پارسل ٹرینوں سے تقریباً دو ہزار کلوگرام گوشت ضبط کیا گیا۔ پہلے دن دہلی سے آنے والی ٹرین کے۴۴ ڈبوں سے تقریباً۱۶۰۰کلوگرام گوشت برآمد ہوا، جبکہ اگلے روز مزید۴۰۰ کلوگرام پکڑا گیا۔
اطلاعات کے مطابق گوشت عام پیکٹوں میں بند تھا اور دورانِ سفر اسے محفوظ رکھنے کے لیے برف، ریفریجریشن یا مطلوبہ درجۂ حرارت کا انتظام نہیں تھا۔ کھیپ پر بھینس کے گوشت کا لیبل تھا، لیکن لازمی دستاویزات، مذبح خانے کی تفصیل، ویٹرنری سرٹیفکیٹ اور فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی تصدیق موجود نہیں تھی۔ ریلوے پولیس کی اطلاع پر پولیس، ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور محکمہ امورِ مال مویشی نے کارروائی کی۔ گوشت تلف کیا گیا، ایف آئی آر درج ہوئی اور تحقیقات شروع ہوئیں۔ تاہم سوال یہ ہے کہ ایسی کھیپ روانہ کیسے ہوئی، راستے میں جانچ کیوں نہ ہوئی اور کیا یہ پہلی کوشش تھی؟
کشمیر میں گوشت روزمرہ خوراک اور سماجی روایت کا اہم حصہ ہے۔ بیشتر گھرانوں میں بھیڑ کے گوشت کو ترجیح دی جاتی ہے، جبکہ بھینس کا گوشت عام طور پر استعمال نہیں ہوتا۔ اس لیے اتنی بڑی کھیپ کی آمد نے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ شہری جاننا چاہتے ہیں کہ یہ گوشت کس مقصد کے لیے لایا گیا، کہاں پہنچایا جانا تھا اور کیا پہلے بھی ایسی کھیپیں وادی میں داخل ہوئیں؟ ضبط شدہ گوشت تلف کرنا کافی نہیں۔ عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس کاروبار کے پیچھے کون لوگ ہیں اور ان کے خلاف کیا کارروائی ہوئی۔
تشویش کی بڑی وجہ گزشتہ برس وادی کے مختلف علاقوں میں گلے سڑے گوشت کی برآمدگی بھی ہے۔ اس وقت چھاپے مارے گئے، نمونے لیے گئے اور سخت کارروائی کے دعوے ہوئے۔ عوام کو یقین دلایا گیا کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔ تازہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ گزشتہ کارروائیوں کے نتائج سامنے نہیں لائے گئے یا ان سے سبق نہیں لیا گیا۔ تحقیقات مکمل ہوئیں تو ان کی تفصیلات کیوں پوشیدہ ہیں؟ گوشت کہاں سے آیا، کس نے فروخت کیا، کن دکانوں یا ہوٹلوں تک پہنچا اور ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟
ہر بڑے واقعے کے بعد چھاپوں اور معائنوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے، مگر کچھ وقت بعد نگرانی کمزور پڑ جاتی ہے۔ بازاروں میں گوشت کے معیار کی جانچ مستقل ہونی چاہیے۔ ہوٹلوں، ریستورانوں، شادی ہالوں اور دکانوں میں گوشت کے ماخذ، نقل و حمل، ذخیرہ کرنے کے طریقے اور سرٹیفکیٹس کی پڑتال ناگزیر ہے۔ صارف کو جاننے کا حق ہے کہ گوشت کس جانور کا ہے، کہاں ذبح ہوا اور کیا انسانی استعمال کے لیے محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
حکومت واضح کرے کہ بازاروں اور کھانے پینے کے مراکز میں استعمال ہونے والا گوشت صحت کے مقررہ معیار پر پورا اترتا ہے یا نہیں۔ چند چھاپے یا نمونے اس کی ضمانت نہیں دے سکتے۔ مسلسل نگرانی، جانچ کی سہولت، تربیت یافتہ عملہ اور محکموں کے درمیان رابطہ ضروری ہے۔ ریلوے پولیس، فوڈ سیفٹی محکمہ، محکمہ امورِ مال مویشی، میونسپل اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ کھیپ کی روانگی سے آخری فروخت تک جواب دہی ہونی چاہیے۔
مضر صحت گوشت کا استعمال معمولی غفلت نہیں؛ اس کے اثرات بچوں اور بزرگوں سمیت سب کی صحت پر پڑ سکتے ہیں۔ عوام توقع رکھتے ہیں کہ متعلقہ ادارے خوراک کے بنیادی حفاظتی معیار یقینی بنائیں گے۔ ناقص گوشت ہوٹل یا ریستوران تک پہنچ جائے تو صارف کے لیے اس کی حقیقت جاننا تقریباً ناممکن ہے۔ مصالحہ اور پکانے کا طریقہ گوشت کے محفوظ ہونے کی ضمانت نہیں۔ خوراک کی جانچ ریاست اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
حکومت تازہ واقعے کی تحقیقات ایف آئی آر تک محدود نہ رکھے۔ کھیپ بھیجنے اور وصول کرنے والوں، نقل و حمل میں شامل افراد اور ممکنہ خریداروں کی شناخت کی جائے۔ معلوم کیا جائے کہ ضروری دستاویزات کے بغیر اتنی بڑی مقدار میں گوشت ریلوے سے کیسے بھیجا گیا۔ گزشتہ سال کے واقعات کی تحقیقاتی رپورٹ بھی منظر عام پر لائی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بتائی جائے۔ اہلکاروں کی غفلت یا ملی بھگت سامنے آئے تو ان کا تعین کیا جائے۔ ضبط شدہ گوشت کے نمونوں کی سائنسی جانچ کے نتائج بھی شائع ہوں۔
عوامی اعتماد یقین دہانیوں سے نہیں، شفافیت اور مسلسل عمل سے بحال ہوتا ہے۔ گوشت کی ترسیل، ذخیرہ اندوزی اور فروخت کے ضابطوں پر سختی سے عمل کرایا جائے۔ ریلوے پارسل کے ذریعے آنے والی غذائی اشیا کی ہر کھیپ کی جانچ ہو۔ بازاروں میں اچانک معائنے جاری رہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو اور شہریوں کے لیے شکایت کا آسان نظام قائم کیا جائے۔
بڈگام میں تقریباً دو ہزار کلوگرام مشتبہ گوشت کی برآمدگی نے خبردار کیا ہے کہ غذائی تحفظ وقتی مہم نہیں بن سکتا۔ سوال صرف یہ نہیں کہ کھیپ کس نے بھیجی، بلکہ یہ بھی ہے کہ نگرانی کہاں ناکام ہوئی اور عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے مستقل قدم کیا ہوگا۔ حکومت سنجیدہ ہے تو گزشتہ اور حالیہ واقعات کی تفصیلات سامنے لا کر ذمہ داروں کو جواب دہ بنائے۔ لوگوں کو یقین الفاظ سے نہیں، ٹھوس اقدامات سے ملنا چاہیے کہ ان کے دسترخوان تک پہنچنے والی خوراک محفوظ اور معیاری ہے۔ مزید تاخیر اب کسی صورت مناسب نہیں۔







