جموں؍ ۷ نومبر
جموں و کشمیر حکومت نے قومی صحت مشن (این ایچ ایم) کے تحت یونین ٹریٹری میں کام کرنے والے اہل معاہداتی ملازمین کی تنخواہوں میں مالی سال ۲۰۲۶-۲۷ کے لیے ۵ فیصد سالانہ اضافے کو منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کو صحت شعبے سے وابستہ ملازمین کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
وزیر صحت سکینہ ایتو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ جموں و کشمیر میں صحت خدمات کو مضبوط بنانے میں این ایچ ایم ملازمین کی محنت اور خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت شعبے سے وابستہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں ایک مضبوط اور جامع نظام صحت کی تشکیل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
این ایچ ایم کے مشن ڈائریکٹر اطہر عامر خان کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق اس اضافے کا فائدہ ریاستی، صوبائی، ضلعی اور بلاک سطح پر کام کرنے والے معاہداتی ملازمین کو حاصل ہوگا۔ اس میں قومی شہری صحت مشن (این یو ایچ ایم) اور مختلف امراض پر قابو پانے کے پروگراموں کے تحت تعینات ملازمین بھی شامل ہیں۔ تاہم اس کے لیے ملازمین کی کارکردگی تسلی بخش ہونا اور این ایچ ایم کے مقررہ رہنما خطوط پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔
حکم نامے کے مطابق وہ ملازمین جنہوں نے ۳۱ مارچ ۲۰۲۶ تک ایک سال کی سروس مکمل کرلی ہے، انہیں یکم اپریل ۲۰۲۶ سے اس اضافے کا فائدہ ملے گا۔ اسی طرح یکم اپریل سے ۳۰ ستمبر ۲۰۲۶ کے درمیان ایک سال کی سروس مکمل کرنے والے ملازمین کو یکم اکتوبر ۲۰۲۶ سے یہ فائدہ حاصل ہوگا، جبکہ ۳۰ ستمبر ۲۰۲۶ کے بعد ایک سال کی سروس مکمل کرنے والے ملازمین کو یکم اپریل ۲۰۲۷ سے سالانہ اضافہ دیا جائے گا۔
حکم نامے میں متعلقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران اور کنٹرولنگ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ اضافے کی منظوری دینے سے قبل ملازمین کی مقررہ مدت کی سروس اور کارکردگی کی تصدیق یقینی بنائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )









