نئی دہلی، 15 ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ 16 ستمبر کو خصوصی مہم 6 کی پیش رفت کی نگرانی کے لیے مخصوص آن لائن ویب پورٹل کا افتتاح کریں گے۔
عملہ، عوامی شکایات و پینشن کی مرکزی وزارت نے منگل کے روز بتایا کہ اس موقع پر حکومت کی تمام 84 وزارتوں اور شعبوں کے نوڈل افسران، عوامی شکایات و اپیل اتھارٹیز کے نوڈل افسران کی میٹنگ ہوگی۔ خصوصی مہم 6 کا تیاری کا مرحلہ 16 سے 30 ستمبر تک اور نفاذ کا مرحلہ 2 سے 31 اکتوبر تک چلے گا۔
وزارت نے کہا کہ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کا محکمہ ( ڈی اے آر پی جی) سال 2021ء سے سرکاری دفاتر میں صفائی ستھرائی کو ادارہ جاتی بنانے اور زیر التواء معاملات کو کم کرنے کے لیے خصوصی مہمات کا تعاون کر رہا ہے۔ اب تک پانچ ایڈیشنز (2021ء سے 2025ء) اور جولائی 2026ء تک سکریٹریٹ اصلاحات کی ماہانہ نگرانی کے ذریعے 24.20 لاکھ سے زائد مقامات پر مہم چلائی گئی ہے۔ اس دوران 180.48 لاکھ سے زائد فائلوں کو الگ یا بند کیا گیا نیز کباڑ کو ٹھکانے لگاکر 5,102.91 کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو حاصل ہوا ہے۔ خصوصی مہم 5 میں تقریباً 11.6 لاکھ مقامات کو شامل کیا گیا، 29.52 لاکھ فائلوں کوالگ کیا گیا اور 233.75 لاکھ مربع فٹ دفتر کی جگہ خالی کرائی گئی۔
خصوصی مہم 6 تمام وزارتوں اور شعبوں کے ساتھ ان کے منسلک، ماتحت اور خودمختار دفاتر میں چلائی جائے گی۔ اس میں سروس ڈیلیوری کے لیے ذمہ دار علاقائی و بیرونی دفاتر نیز بیرون ملک مقیم ہندوستانی مشنز کو بھی شامل کیا جائے گا۔




