لندن، 4 ستمبر (یواین آئی): سسیکس کے فاسٹ بولر ہنری کروکومب نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے صرف ایک ہفتے کے دوران مسلسل دو میچوں میں ہیٹ ٹرک مکمل کرکے سابق پاکستانی عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم کے منفرد کلب میں جگہ بنالی۔
کروکومب نے اگست کے آخری ہفتے میں سمرسیٹ کے خلاف میچ میں کریگ اوورٹن کو 54 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد مائیکل پریٹوریئس اور جیک لیچ کو مسلسل گیندوں پر پویلین بھیج کر پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ سسیکس نے اس میچ میں پہلی اننگز کی برتری حاصل کی، تاہم مقابلہ ڈرا ہوگیا۔
3 ستمبر کو ایسیکس کے خلاف میچ میں کروکومب نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے سائمن ہارمر کو ایل بی ڈبلیو کرنے کے بعد زمان اختر اور شین سنٹر کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرکے مسلسل دوسرے میچ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔
کروکومب کی تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں ایسیکس کی پوری ٹیم 177 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جبکہ سسیکس نے پہلی اننگز میں 98 رنز کی برتری حاصل کرلی۔


