ویلنگٹن، 16 اکتوبر (یو این آئی) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی روز باؤل سیریز میں اب ٹی 20 میچوں کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ اس سیریز میں پہلے صرف یک روزہ میچ کھیلے جاتے تھے۔
نیوزی لینڈ کا آسٹریلیا دورہ، جس میں 3 ٹی 20 میچ کھیلے جائیں گے اور جس کا آغاز اتوار کو نارتھ سڈنی اوول میں ہوگا، روز باؤل کا پہلا ٹی 20 ایڈیشن ہوگا۔ مارچ 2027 میں جب یہ دونوں ٹیمیں آسٹریلیا میں ہی 3 یک روزہ میچوں کے لیے دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی، تو انہیں اس ٹرافی کے لیے ایک بار پھر مقابلہ کرنے کا موقع ملے گا۔ 1985 سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ایک روزہ سیریز کے فاتح کو یہ ٹرافی دی جاتی رہی ہے۔
ایسی روز باؤل سیریز، جس میں دونوں وائٹ بال فارمیٹس (یک روزہ اور ٹی 20) کے میچ شامل ہوں گے، میں ٹرافی اس ٹیم کو ملے گی جو مجموعی طور پر سب سے زیادہ میچ جیتے گی۔ اگر سیریز برابر رہتی ہے تو ٹرافی موجودہ فاتح ٹیم کے پاس ہی رہے گی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) کی چیف کرکٹ آپریشنز افسر اور نیوزی لینڈ کی سابق کھلاڑی کیتھرین کیمبل نے کہاکہ روز باؤل ایک باوقار ٹرافی ہے، جس کی موجودہ اور سابق کھلاڑیوں کے لیے بہت اہمیت ہے۔ ہمیں ہمیشہ اس سیریز میں کھیلنے پر بہت فخر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل ٹی 20 کرکٹ بہت زیادہ کھیلی جا رہی ہے، ایسے میں روز باؤل کو متعلقہ اور اہم بنائے رکھنے اور آسٹریلیا کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا یہ ایک بہترین موقع ہے۔
نیوزی لینڈ کی کپتان میلی کیر روز باؤل کے لیے مقابلہ کرنے کے تعلق سے کافی پُرجوش ہیں۔
کیر نے کہاکہ ”ہم سب جانتے ہیں کہ روز باؤل کس چیز کی علامت ہے اور ‘وائٹ فرنس’ (نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیم) کی تاریخ میں اس کی کتنی اہمیت ہے۔” انہوں نے کہا کہ برسوں سے کئی عظیم کھلاڑیوں اور ٹیموں نے اس کے لیے جدوجہد کی ہے اور ہم بھی اس تاریخ کا حصہ بننے اور اسے جیتنے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہوں گے۔
واضح رہے کہ سال 2000 میں نیوزی لینڈ سے روز باؤل دوبارہ جیتنے کے بعد سے آسٹریلیا مسلسل اس ٹرافی پر قبضہ جمائے ہوئے ہے۔ اس 3-0 کی جیت کے بعد سے آسٹریلیا نے 18 سیریز جیتی ہیں، جبکہ 2008-09 میں ایک سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی۔ مجموعی طور پر روز باؤل کے لیے کھیلی گئی 31 یک روزہ سیریز میں سے آسٹریلیا نے 26 جیتی ہیں، نیوزی لینڈ نے 3 جیتی ہیں اور 3 سیریز برابر رہی ہیں۔ نارتھ سڈنی میں آئندہ روز باؤل سیریز کے تینوں ٹی 20 میچ 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔




