ڈگبوئی (آسام)، 19 نومبر (یواین آئی) کپور تھلا کے یوراج سنگھ، مہو کے اوم پرکاش چوہان اور بنگلورو کے رونیل کوکر نے آسام کے ڈگبوئی گولف لنکس میں جاری ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم والے 26ویں انڈین آئل سروو ماسٹرز گولف ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے بعد 11 انڈر 205 کے یکساں اسکور کے ساتھ مشترکہ برتری حاصل کر لی۔
گزشتہ راؤنڈ میں مشترکہ طور پر سرفہرست رہنے والے 40 سالہ چوہان (67-68-70) نے چھ برڈیز، پار تھری کے دسویں ہول پر ایک ڈبل بوگی اور دو بوگی کی مدد سے دو انڈر 70 کا اسکور بنایا اور مشترکہ برتری برقرار رکھی۔ دوسرے راؤنڈ کے بعد چوہان کے ساتھ مشترکہ برتری پر موجود 28 سالہ کوکر (70-65-70) نے بھی پانچ برڈیز اور تین بوگی کی مدد سے دو انڈر 70 کا اسکور بنا کر اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔
25 سالہ یوراج (68-70-67) نے پانچ انڈر 67 کا شاندار اسکور بنا کر مشترکہ چوتھے مقام سے چھلانگ لگاتے ہوئے سرفہرست کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی۔ دن کے آغاز پر وہ مشترکہ طور پر سرفہرست کھلاڑیوں سے تین شاٹ پیچھے تھے۔ انہوں نے سات برڈیز اور دو بوگی بنائیں۔ ان کی چھ برڈیز مسلسل تین تین ہول کے دو الگ الگ سلسلوں میں آئیں۔ پہلے پانچویں سے ساتویں اور پھر 14ویں سے 16ویں ہول تک انہوں نے لگاتار تین برڈیز بنائیں۔
بنگلہ دیش کے محمد راجو (69-70-68) نے پانچ برڈیز اور پار فور کے آٹھویں ہول پر ایک بوگی کی مدد سے چار انڈر 68 کا اسکور بنایا۔ وہ مشترکہ آٹھویں مقام سے اوپر اٹھ کر مجموعی طور پر نو انڈر 207 کے اسکور کے ساتھ تنہا چوتھے مقام پر پہنچ گئے۔
ممبئی کے 25 سالہ آریامن آدتیہ موہن (73-70-65) نے دن کی سب سے بڑی چھلانگ لگائی۔ انہوں نے پار فائیو کے ساتویں ہول پر ایک ایگل، آٹھ برڈیز اور تین بوگی کی مدد سے سات انڈر 65 کا اسکور بنایا اور مشترکہ 25ویں مقام سے آگے بڑھ کر مجموعی طور پر آٹھ انڈر 208 کے اسکور کے ساتھ مشترکہ پانچویں مقام پر پہنچ گئے۔
چنڈی گڑھ کے اکشے شرما (75-67-66) نے بھی چھ انڈر 66 کا اسکور بنا کر آریامن کے ساتھ مشترکہ پانچویں مقام پر جگہ بنائی۔ ان کے راؤنڈ میں ساتویں ہول پر ایک ایگل، چھ برڈیز اور دو بوگی شامل رہیں۔







