پورٹ آف اسپین، 4 ستمبر (یواین آئی) داسن شناکا کی ریکارڈ ساز ناٹ آوٹ 121 رنز کی اننگز اور جیریمیا لوئس کی پانچ وکٹوں کی شاندار گیندبازی کی بدولت سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے باسٹیئر میں سینٹ لوشیا کنگز کو 137 رنز سے شکست دے دی۔
پیٹریاٹس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چار وکٹ پر 235 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ جواب میں جیریمیا لوئس کی تباہ کن گیندبازی کے سامنے سینٹ لوشیا کنگز کی پوری ٹیم 13.5 اوورز میں صرف 98 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پیٹریاٹس کی شروعات سست رہی اور پہلے تین اوورز میں صرف 10 رنز بنے، جبکہ کائل میئرز بھی آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد میتھیو فورڈ کے ایک اوور میں ایک چھکا، ایک چوکا اور پانچ وائیڈز کے باعث رنز کی رفتار بڑھی۔ آندرے فلیچر نے اگلے اوور میں مہیش تھیکشنا کے خلاف 19 رنز بٹورے اور پاور پلے کے اختتام تک پیٹریاٹس نے ایک وکٹ پر 59 رنز بنا لیے۔
فلیچر کو ساتویں اوور میں کیچ کے موقع پر زندگی ملی اور انہوں نے صرف 23 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرلی۔ روسٹن چیز نے 10ویں اوور میں جانسن چارلس کو آؤٹ کرکے فلیچر اور چارلس کے درمیان 81 رنز کی شراکت ختم کی، لیکن اس کے بعد شناکا نے جارحانہ انداز اختیار کرلیا۔
شناکا نے جوشوا بشپ کے خلاف دو چوکے اور روسٹن چیز کے خلاف دو چھکے لگائے۔ کنگز نے دو اوورز کے اندر فلیچر اور جیسن ہولڈر کو آؤٹ کیا، لیکن شناکا کی طوفانی بیٹنگ جاری رہی۔ انہوں نے صرف 24 گیندوں پر نصف سنچری اور محض 39 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جو سی پی ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری ہے۔ آخری اوور میں انہوں نے چار چھکے اور ایک چوکا لگایا اور اپنی ناٹ آوٹ 121 رنز کی اننگز مکمل کی۔
235 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کنگز کی اننگز کا آغاز ہی خراب رہا۔ پہلے اوور میں کامِل پورن کے آؤٹ ہونے کے بعد پاور پلے کے دوران جان کیمبل اور چریتھ اسالنکا بھی پویلین لوٹ گئے، جس سے کنگز کا اس مرحلے پر اسکور تین وکٹ پر 46 رنز تھا۔
اگلے اوور میں وانیندو ہسرنگا نے اوبس پینار کو آؤٹ کیا، جبکہ 10ویں اوور میں گیند سنبھالتے ہی جیریمیا لوئس نے روسٹن چیز اور میتھیو فورڈ کو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کردیا۔ اگلے اوور میں ایشمید نید نے تنہا مزاحمت کرنے والے ٹم سیفرٹ کو بھی پویلین بھیج دیا۔
لوئس نے دوبارہ حملہ کرتے ہوئے جوشوا بشپ کی وکٹ حاصل کی اور پھر 14ویں اوور میں مہیش تھیکشنا اور اماری گڈریج کو آؤٹ کرکے کنگز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ کنگز کے صرف تین بلے باز ہی دہرے ہندسے تک پہنچ سکے، جن میں ٹم سیفرٹ 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
مختصر اسکور: سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس: 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 235 رنز (داسن شناکا ناٹ آؤٹ 121، آندرے فلیچر 64؛ میتھیو فورڈ 2/48)۔
سینٹ لوشیا کنگز: 13.5 اوورز میں 98 رنز آل آؤٹ (ٹم سیفرٹ 50؛ جیریمیا لوئس 5/10)۔


