نئی دہلی// ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان متالی راج نے خواتین کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے افتتاحی سیزن کے ذریعے کرکٹ میں واپسی کا اشارہ دیا ہے متالی نے پیر کو آئی سی سی کے ‘100فیصدکرکٹ پوڈ کاسٹ پر کہا، "میں نے وہ آپشن (خواتین آئی پی ایل) کھلا رکھا ہے۔ میں نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ خواتین کے آئی پی ایل کے انعقاد میں ابھی کچھ وقت باقی ہے۔ اس کے پہلے سیزن کا حصہ بننا کافی شاندار ہوگا۔”
قابل ذکر ہے کہ طویل عرصہ سے انتظار کئے جارہے خواتین آئی پی ایل اگلے سال شروع ہونے والا ہے۔ متالی نے گزشتہ ماہ اپنے 23 سالہ طویل بین الاقوامی کیریئر کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
متالی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 232 میچ کھیلے، 50 سے زیادہ کی اوسط سے 7805 رنز بنائے۔ انہوں نے 89 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 2364 رنز جوڑے جبکہ 12 ٹیسٹ میچوں میں 699 رنز بنائے۔