کولمبو///
سری لنکا نے ایشیاء کپ کی میزبانی سے معذرت کر لی، اس حوالے سے سری لنکا کرکٹ نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو بتایا ہے کہ ایشیاء کپ کی میزبانی نہیں کر سکتے۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے گزشتہ روز اپنے فیصلے سے اے سی سی کو آگاہ کیا۔سری لنکا کرکٹ کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کے سبب ایشیاء کپ کرانا ممکن نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کی معذرت کے بعد متحدہ عرب امارات میں ایشیاء کپ کرانے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے، ایونٹ کا وینیو بھارت سمیت کوئی اور ملک بھی ہو سکتا ہے۔
سری لنکن میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشیاء کپ کے لیے سری لنکا پہلے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے بات چیت کرے گا، ایشیاء کپ کی میزبانی سری لنکا کے پاس ہی رہے گی۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھارتی میڈیا نے کہا تھا کہ ایشیاء کپ 2022ء سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایشیاء کپ رواں برس 27 اگست سے 11 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔