سڈنی// دہلی کپیٹلز کی امیدوں کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب آسٹریلیائی کھلاڑی مچل ا سٹارک نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دوبارہ کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے ہندوستان واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ذرائع نے بتایا کہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور اسٹار بلے باز ٹریوس ہیڈ دونوں آئی پی ایل میں اپنے بقیہ میچ کھیلنے کے لیے واپس ہندوستان جائیں گے۔ سن رائزرز حیدرآباد کا فائنل میں نہ پہنچنا طے ہے۔ اس لیے حیدرآباد کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی ٹائم لائن 25 مئی کو مکمل ہو جائے گی۔ وہیں، آسٹریلیا کے دیگر کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو جوش ہیزل ووڈ رائل چیلنجرز بنگلور کے خطابی مقابلے میں واپسی سے پہلے کندھے کی چوٹ کا جائزہ لیں گے۔ جوش انگلس نے پنجاب کنگز کے لیے واپسی کے اپنے منصوبے پر فیصلہ مؤخر کر دیا ہے، جبکہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز اسٹارک کے ساتھی جیک فریزر-میک گرک نے بھی آئی پی ایل ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا متبادل منتخب کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مچل سٹارک جنوبی افریقہ کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل کے لیے اعلان کردہ آسٹریلیائی ٹیم کا حصہ ہیں۔
ایسا مانا جا رہا ہے کہ اگر دہلی کی ٹیم موجودہ سیزن کے فائنل میں پہنچتی ہے تو اسٹارک کو آئی پی ایل 2025 کے اپنے تنخواہ کا ایک تہائی حصہ چھوڑنا ہوگا۔ مچل ا سٹارک نے ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے 11 میچوں میں 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اگر دہلی کپیٹلز کی ٹیم پلے آف میں پہنچتی ہے تو انہیں اسٹارک کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔
ادھر دہلی کیپٹلز کے لیے آئی پی ایل 2025 کی شروعات بہت اچھی ہوئی تھی، لیکن اب اس ٹیم کے لیے بڑی مشکل کھڑی ہو گئی ہے۔ دہلی کی ٹیم کے 4 بیرون ملکی کھلاڑی غیر حاضر ہیں، یعنی آئی پی ایل ملتوی ہونے کے بعد وہ وطن واپس لوٹے اور اب ہندوستان آنے سے منع کر رہے ہیں۔ آسٹریلیائی تیز گیندباز مچیل اسٹارک اور جیک فریزر میک گرک کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کے ڈونوون فریرا نے پہلے ہی آئی پی ایل 2025 کے آئندہ میچوں کے لیے دہلی کے ساتھ جڑنے سے منع کر دیا تھا، اب فاف ڈوپلیسس نے بھی ہندوستان آنے سے منع کر دیا ہے۔
4 بڑے کھلاڑیوں کا آئی پی ایل 2025 سے باہر ہونا دہلی کیپٹلز کے لیے شدید جھٹکے کی طرح ہے۔ دہلی کی ٹیم 11 میچوں میں 6 جیت اور 4 شکست کے ساتھ پانچویں مقام پر ہے۔ اس کے 13 پوائنٹس ہیں اور ابھی لیگ مرحلہ میں 3 میچ کھیلنے باقی ہیں۔ اگر یہ ٹیم تینوں میچ جیت جاتی ہے تو اس کے 19 پوائنٹس ہو سکتے ہیں، لیکن اسٹارک اور ڈوپلیسس کی غیر موجودگی کا بڑا نقصان بھی ہو سکتا ہے۔
دہلی کیپٹلز کے لیے اچھی بات یہ ہے کہ ٹرسٹن اسٹبس اور دشمنتا چمیرا ہندوستان پہنچ رہے ہیں۔ دہلی نے صدیق اللہ اٹل کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے اور مستفیض الرحمن کو بھی دہلی نے خرید لیا ہے۔ حالانکہ ابھی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے مستفیض الرحمن کو این او سی نہیں ملا ہے۔ یعنی دہلی کے لیے کچھ ایسے مشکلات سامنے ہیں، جس سے باہر نکلنا آسان نہیں ہوگا۔