نئی دہلی// ارجنٹینا کے روساریو میں 25 مئی سے 2 جون کے درمیان کھیلے جانے والے چار ممالک کے ٹورنامنٹ کے لیے ہاکی انڈیا نے 24 رکنی ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے علاوہ ارجنٹینا، یوراگوئے، اور چلی حصہ لیں گے۔ یہ ٹورنامنٹ دسمبر میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی جونیئر خواتین ورلڈ کپ کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہندوستانی ٹیم ہر ملک کے خلاف دو میچ کھیلے گی۔ ٹیم انڈیاکی قیادت گول کیپر ندھی کریں گی جبکہ فارورڈ حنا بانو نائب کپتان کی ذمہ داری نبھائیں گی۔
منتخب ٹیم میں دوسرے گول کیپر کے طور پر اینجل ہرشا رانی منج شامل ہیں، جبکہ ودیاشری وی کو اسٹینڈ بائی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
دفاعی یونٹ میں ممیتا اورم، لالتھنٹلوانگی، منیشا، پوجا ساہو، پاروتی ٹوپنو، نندنی، اور ساکشی شکلا شامل ہیں۔ مڈفیلڈ میں پریانکا یادو، انیشا ساہو، رجنی کیرکیٹا، بنیما دھان، خیرم شیلما چانو، سنجنا ہارو، سپریا کجور، اور پریانکا ڈوگرا ہوں گی، جبکہ ہڈاخان اور منمنی داس کو اسٹینڈ بائی مڈفیلڈر کے طور پر نامزد کیا جائے گا۔ فارورڈ لائن میں حنا بانو، سونم، سکھویر کور، گیتا یادو، لالرینپوئی، کانیکا سیواچ، اور کرمنپریت کور شامل ہیں، جبکہ سیلسٹینا ہارو کو اسٹینڈ بائی فارورڈ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کے کوچ تشار کھانڈیکر نے کہا، “جونیئر ورلڈ کپ کے چھ ماہ ہم اس ٹیم سے اپنے بہترین کھلاڑیوں کی شناخت کرنا چاہتے ہیں۔ یہ دورہ کھلاڑیوں کو قیمتی بین الاقوامی نمائش اور تجربہ فراہم کرے گا۔ طویل مدت میں، ہم انہیں سینئر ٹیم میں آسانی سے منتقل کرنے کے لیے بھی تیار کر رہے ہیں۔ یہ تبدیلی تبھی ممکن ہے جب وہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹس میں اچھا پرفارم کریں، جو اس دورے کو انتہائی اہم بناتا ہے۔” ہندوستان اپنا پہلا میچ 25 مئی کو چلی کے خلاف کھیلے گا۔