بیلفاسٹ// نیوزی لینڈ نے ڈین کلیور (78) کی نصف سنچری اور مائیکل بریسویل (5 گیند، 3 وکٹ) کی ہیٹ ٹرک کی بدولت آئرلینڈ کو دوسرے ٹی 20 میں 88 رنوں سے شکست دی۔
اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
بدھ کو کھیلے گئے میچ میں بلیک کیپس نے آئرلینڈ کو 20 اوورز میں 180 رنوں کا ہدف دیا، جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 91 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کے لیے کلیور نے سب سے زیادہ 78 (55) جبکہ فن ایلن نے 35 (20) اور گلین فلپس نے 23 (16) رنز بنائے۔
اس میچ میں کیوی ٹیم کے اسٹار کھلاڑی مائیکل بریسویل تھے۔ بلے سے 14 رنوں کا اہم تعاون دینے کے بعد، انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں ہیٹ ٹرک لی۔ بریسویل نے اپنے اوور میں پانچ گیندیں کیں جس میں انہوں نے مارک ایڈیئر، بیری میک کارتھی اور کریگ ینگ کا وکٹ لیا۔ آئرلینڈ کے بلے بازوں کے پاس نیوزی لینڈ کی دھاردارگیند بازی کا کوئی جواب نہیں تھا۔ آئرش ٹیم کی جانب سے ایڈیئر نے سب سے زیادہ 27 رن بنائے جبکہ پال اسٹرلنگ نے 21 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز 20 رن بھی نہ بنا سکا۔ بلیک کیپس کی جانب سے بریسویل -ایش سوڈھی نے تین تین وکٹ لئے جبکہ جیکب ڈفی نے دو اور لوکی فرگوسن نے ایک وکٹ حاصل کیا۔