برسلز//
مغربی یورپ ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور درجہ حرارت میں مسلسل اضافے سے گرمی کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شدید گرمی کے سبب جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں۔
فرانس کے جنوب مغربی علاقے کیزو میں پارہ 42.4ڈگری کو چھُو گیا جس نے یہاں گرمی کا 101 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ مغربی شہر نانٹیس میں گرمی کا 73 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل یہاں 1949ء میں درجہ حرارت 40.3ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی طرح سینٹ بریوک میں پارہ 39.5ڈگری سینٹی گریڈ کو چھُو گیا جس سے 38.1ڈگری سینٹی گریڈ کا گزشتہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
فرانسیسی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز کئی شہروں اور قصبوں میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فرانس کے صوبے بریٹنی کے شہر بریسٹ میں پارہ 39.3سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جس سے 2002ء کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جب درجہ حرارت 35.1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ فرانس کے جنوب مغرب میں تقریباً ایک ہفتے سے فائر فائٹرز شدید گرمی کے باعث بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آگ بجھانے کیلیے ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔