نئی دہلی// صدر رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ عام لوگوں میں سائنس میں دلچسپی پیدا کرنا سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا مشن تھا۔
منگل کو یہاں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے چوتھے لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کووند نے کہا، ”کلام صاحب جتنا سائنس پر زور دیتے تھے، وہ روحانیت کو بھی اتنی ہی اہمیت دیتے تھے۔ ان کا ایک مشن عام لوگوں میں سائنس میں دلچسپی پیدا کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کلام چاہتے تھے کہ ہندوستان ہر لحاظ سے خود انحصار بنے اور اپنے پیروں پر کھڑا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر کلام صاحب چاہتے تو ناسا یا دنیا کے کسی بھی ملک میں بہت اعلیٰ عہدے پر کام کر کے بہت دولت کما سکتے تھے۔ لیکن ملک میں رہ کر، انہوں نے سائنس کے میدان میں ہندوستان کی خود انحصاری یا خود مختاری کی راہ ہموار کی – خاص طور پر دفاع، خلائی سائنس اور مواصلات۔
انہوں نے کہا کہ کلام صاحب کہا کرتے تھے کہ کسی بھی طاقتور ملک میں تین خاص چیزیں ہوتی ہیں۔ پہلی بات ملک نے جو کچھ حاصل کیا ہے اس پر فخر کرنا، دوسرا بھائی چارہ برقرار رکھنا اور تیسرا مل کر کام کرنے کا مشورہ۔
مسٹر کووند نے کہا کہ کلام صاحب کے الفاظ اور خیالات ہم وطنوں کے دل و دماغ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انھوں نے کہا، ’’کلام صاحب نے لکھا تھا کہ ان کے بعد ان کی کہانی ختم ہو جائے گی، لیکن سچ یہ ہے کہ ان کی کہانی کبھی نہ ختم ہونے والی کہانی ہے۔ ان کی لافانی کہانی ہندوستان کی آنے والی نسلوں کے دل و دماغ میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔