جموں؍ یکم اپریل
جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (جے کے بوس) نے ملک بھر کے سی بی ایس ای اور دیگر سرکاری طور پر تسلیم شدہ بورڈز کے طلبہ کو ۲۰۲۵۔۲۶تعلیمی سیشن کے لیے جے کے بوس سے منسلک تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
اس حوالے سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق وہ طلبہ جو سی بی ایس ای یا کسی دیگر تسلیم شدہ بورڈ سے جماعت نہم (دسویں کے لیے)، دسویں (گیارہویں کے لیے) یا گیارہویں (بارہویں کے لیے) کا امتحان پاس کر چکے ہیں یا اس میں شریک ہوئے ہیں، اور جے کے بوس میں منتقل ہونا چاہتے ہیں، انہیں اگلی جماعتوں یعنی دسویں، گیارہویں اور بارہویں میں عارضی داخلہ دیا جائے گا، جیسا کہ جے کے بوس کے ریگولر امیدواروں کے معاملے میں کیا جاتا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ داخلے متعلقہ رجسٹریشن سیکشنز (کے ڈی/جے ڈی) اور جے کے بوس کے ذیلی دفاتر کی جانب سے اس وقت باقاعدہ کیے جائیں گے جب طلبہ اپنے متعلقہ بورڈز کے پاس سرٹیفکیٹس اور دیگر ضروری دستاویزات پیش کریں گے، اور جے کے بوس کی جانب سے ان کی اہلیت کا تعین کیا جائے گا۔ بصورت دیگر عارضی داخلہ منسوخ تصور ہوگا۔
تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ منتقلی کے خواہش مند طلبہ سے ایک تحریری حلف نامہ حاصل کریں، جس میں اس بات کا اعتراف ہو کہ اہلیت پوری نہ ہونے کی صورت میں داخلہ منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
جے کے بوس نے مزید بتایا کہ اہلیت و منتقلی کے تحت داخلوں کا عمل۲۱مئی۲۰۲۶تک جاری رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ۳۰ مارچ۲۰۲۶کو وزیر تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے جے کے بوس کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکام کو ہدایت دی تھی کہ سی بی ایس ای اور دیگر بورڈز کے طلبہ کی جے کے بوس میں منتقلی کے عمل کو مزید مؤثر اور منظم بنایا جائے۔










