کلنگ (سنگاپور)//ہندوستان کی سابق عالمی چمپئن پی وی سندھو نے جمعہ کو چین کی ہان یوئی پر سنسنی خیز جیت کے ساتھ سنگاپور اوپن 500 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا سندھو نے سنگا پور انڈور اسٹیڈیم میں سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں ہان کو 17-21، 21-11، 21-19 سے شکست دی۔ فائنل میں جگہ کے لیے سندھو کا مقابلہ جاپان کی سائنا کاواکائی سے ہوگا۔
ہندوستانی کھلاڑی نے پہلا گیم ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے دو گیمز جیت کر میچ ایک گھنٹے دو منٹ میں ختم کر دیا۔
دیگر ہندوستانیوں کو کوارٹر فائنل میں ہی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ سائنا نہوال کو جاپان کی آیا اوہوری نے ایک گھنٹہ تین منٹ میں 21-13، 15-21، 22-20 سے جبکہ ایچ ایس پرنائے کو جاپان کے کوڈائی ناروکا نے 12-21، 21-14، 21-18 سے شکست دی۔ مردوں کے ڈبلز میں ایم آر ارجن اور دھرو کپیلا کو 48 منٹ میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔