سرینگر:وادی کشمیر میں پیر کی صبح خوشگوار موسم کے بیچ دو مہینوں کی طویل سرمائی چھٹیوں کے بعد نویں سے بارہویں جماعتوں کے لئے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے، جس کے ساتھ ہی وادی کے اسکولوں میں درس و تدریس کی سرگرمیاں بحال ہوئیں۔
وادی کے گوشہ و کنار میں پیر کی صبح طلبا کو صاف و شفاف وردیوں میں ملبوس اپنے اپنے اسکولوں کی طرف روانہ ہوتے ہوئے دیکھا گیا جن کے چہروں پر خوشی و شادمانی کے آثار نمایاں تھے۔
ادھر اسکولوں میں بھی بچوں کی آمد کے پیش نظر صفائی ستھرائی و دیگر ضروری انتطامات کو عملی شکل دی گئی تھی اور اساتذہ کو بچوں کا پھولوں سے استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
دسویں جماعت کے مقتدیٰ مہدی نامی ایک طالب علم نے بتایا’’دو مہینوں کے طویل عرصے کے بعد آج اسکول جا رہا ہوں، میری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے، موسم بھی خوشگوار ہے، گھر میں بیٹھنے کو اب دل نہیں کرتا تھا‘‘۔
مہدی نے کہا’’آج اپنے اساتذہ اور دوستوں کے ساتھ کافی مدت کے بعد ملاقات ہوگی جس کا بے صبری سے انتظار تھا‘‘۔
ایک اور طالب علم نے بتایا’’آج صبح سویرے اٹھنا پڑا اور اسکول کے لئے تیار ہونا پڑا جس سے دل کو الگ ہی خوشی ہوئی‘‘۔انہوں نے کہا’’صبح سویرے اٹھ کر سکول کے لئے تیار ہونے میں مزہ ہی الگ ہے اور پھر اسکول میں اساتذہ اور دوستوں کے ساتھ بات چیت کرنے سے جو تجربہ حاصل ہوتا ہے وہ بہت ہی فائدہ بخش ہوتا ہے‘‘۔
زاہد حسین نامی ایک استاد نے یو این آئی کو بتایا’’جس طرح ایک گلستان کی شان اس کے پھول ہوتے ہیں اسی طرح ایک اسکول کی شان اس میں زیر تعلیم بچے ہوتے ہیں ان کی غیر موجودگی میں اس کی صورت بھی ایک مرجھائے ہوئے گلستان کی سی ہوتی ہے‘‘۔
حسین نے کہا’’اسکولوں میں بچوں کے کھلکھلانے سے اس گلستان میں تر وتازگی آجاتی ہے اور ہر سو خوشی و شادمانی کا نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے‘‘۔
واضح رہے کہ وادی میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز یکم مارچ سے دوبارہ شروع ہوں گے۔
محکمہ تعلیم نے۲۵نومبر۲۰۲۵کو سرمائی تعطیلات کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وادی میں پری پرائمری کلاسز۲۶نومبر۲۰۲۵سے۲۸ فروری۲۰۲۶تک بند رہیں گے اور پہلی سے آٹھویں جماعت تک سرمائی تعطیلات یکم دسمبر۲۰۲۵ سے۲۸ فروری تک رہیں گی جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کے لیے تعطیلات۱۱دسمبر۲۰۲۵سے۲۲فروری۲۰۲ ۶تک مقرر کی گئی تھی۔
محکمہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ تعطیلات کے دوران تمام ٹیچنگ فیکلٹی کو کسی بھی تعلیمی مشن یا ضرورت کے لیے دستیاب رہنا ہوگا۔ مزید براں، تدریسی عملے کو۲۰ فروری۲۰۲۶تک اپنے اپنے اداروں میں واپس رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی تاکہ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کی تیاری کی جا سکے۔










