ممبئی//گزشتہ تین سیزن سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پلے آف میں جگہ بنانے میں ناکام راجستھان رائلز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ اور ہیڈ کوچ کمار سنگاکارا آنے والے سیزن کے لئے پرجوش ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ فرنچائز نے ایک مضبوط ٹیم بنائی ہے جو انہیں جیت دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
راجستھان رائلز کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں سنگاکارا نے کہا، "ہمارے پاس یزویندر چہل اور آر اشون کی شکل میں آئی پی ایل کے دو بہترین اسپنرہیں۔ اس کے علاوہ ٹرینٹ بولٹ، پرسدھ کرشنا، نودیپ سینی اورناتھن کلٹرنائل جیسے زبردست تیزگیندباز ہیں۔ ہمارے پاس ہر شعبے میں گہرائی موجود ہے۔
تاہم، صرف ایک مضبوط ٹیم کا ہونا آئی پی ایل میں کامیابی کی ضمانت نہیں ہے۔ سنگاکارا اچھی طرح جانتے ہیں کہ کاغذ پر لکھی ٹیم کو میدان میں اچھا کھیل دکھانا ہوگا۔ ان کی توجہ میدان میں کھلاڑیوں کو مکمل آزادی دینے اور ان سے بہتر کارکردگی نکالنے پر مرکوز ہے۔
کورونا وبا سے متاثر گزشتہ آئی پی ایل سیزن کے پہلے مرحلے میں راجستھان رائلز نے سات میچوں میں تین جیت درج کی تھی۔ تاہم وہ دوسرے مرحلے میں اس کارکردگی کو برقرار نہ رکھ سکے اور پوائنٹس ٹیبل میں ساتویں نمبر پر رہے۔ اس مایوس کن سیزن کی وجوہات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سنگاکارا نے کہا کہ میرے خیال میں اس کے پیچھے بہت سی وجوہات تھیں، چاہے وہ کھلاڑیوں کی عدم دستیابی ہو، بڑابریک ہو یا کھلاڑیوں کی معمولی پرفارمنس، یہ پرانی باتیں ہیں اور اس لیے ہم نے ٹیم میں تبدیلی کی ہے۔ اب ہماری توجہ آنے والے ہفتوں پر ہے۔”
(یواین آئی)