سرینگر//(ویب ڈیسک)
سابق مرکزی وزیراور بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کے سنیئر لیڈر مختار عباس نقوی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو تخریبی عناصر کو الگ تھلگ کر کے ترقی کی راہ پر چل کر ایک خوشحال زندگی گزر بسر کرنی چاہیے۔
دہلی میں ایک نجی چینل کے ساتھ بات کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ ۵؍اگست ۲۰۱۹کو جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کے خاتمہ کے بعد جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو گیا ہے اور جموں و کشمیر ایک خوشحال ماحول میں آگے بڑھ رہا ہے۔
نقوی نے کہا کہ کچھ لوگ ہیں جو پھر سے تباہ کن ماحول پیدا کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ان کو الگ تھلگ کیا جانا چاہیے۔ لوگوں کو ترقی کی راہ پر چلتے ہوئے ایک خوشحال زندگی گزر بسر کرنی چاہیے۔
سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں کشمیر میں مستقبل قریب میں ہمیں ترقی اور لوگوں کو با اختیار بنانے کے میدان میں انقلابی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔انہوں نے کہا’’دفعہ۳۷۰ کی وجہ سے یہاں ترقی اور لوگوں کو با اختیار بنانے سے متعلق اسکیمیں لاگو نہیں تھیں۔ اب وہ اسکیمیں لاگو ہو چکی ہیں۔ ان کا اثر بھی نظر آنے لگا ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر میں ترقی اور لوگوں کو با اختیار بنانے کے میدان میں ہمیں بہت جلد انقلابی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی‘‘۔
نقوی کا اس پر مزید کہنا تھا’’بہت سے کارپوریٹ اور صنعتی گھرانوں نے مرکزی حکومت سے رجوع کر کے جموں و کشمیر میں اپنے یونٹ کھولنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس سے نہ صرف وہاں کے نوجوانوں کو روزگار ملے گا بلکہ ترقی کی رفتار بھی تیزی پکڑے گی‘۔
سابق مرکزی وزیر نے کہا ’’ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ دفعہ ۳۷۰ کو پارلیمنٹ نے ختم کیا ہے‘اس کی واپسی ناممکن ہے۔ یہاں کے لوگ ترقی کے راستے پر چل پڑے ہیں۔‘‘