نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو نیدر لینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹےکے ساتھ باہمی اہمیت کے دو طرفہ اور عالمی مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-نیدر لینڈ کے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، جن میں پانی سے متعلق امور پر شراکت ، زراعت کے کلیدی شعبے میں تعاون، ہائی ٹیک اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے امکانات شامل ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-یورپی یونین تعلقات، ہند-بحر الکاہل میں ہم آہنگی اور تعاون سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
باقاعدگی کے ساتھ اعلیٰ سطحی دوروں اور بات چیت کے ذریعہ حالیہ برسوں میں ہندوستان-نیدر لینڈ کے تعلقات نے زبردست رفتار حاصل کی ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے 9 اپریل 2021 کو ایک ورچوئل سمٹ کا انعقاد کیا تھا اور باقاعدگی سے بات کرتے رہے ہیں۔ ورچوئل سمٹ کے دوران نیدر لینڈ کے ساتھ ’پانی سے متعلق امور پر شراکت داری ‘ کا آغاز کیا گیا۔
موجودہ سال میں، ہندوستان اور نیدر لینڈ مشترکہ طور پر سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال کی یادگار منا رہے ہیں۔ اس خصوصی سنگ میل کا جشن 4 تا 7 اپریل 2022 کو صدر جمہوریہ ہند کے نیدر لینڈ کے سرکاری دورے کے ساتھ منایا گیا۔