سرینگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں۲۱ جنوری تک موسم میں کسی بھی بڑی تبدیلی کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وادی میں۲۲سے۲۴جنوری تک بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
محکمے کے ایک ترجمان تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں۱۶جنوری کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش کا امکان ہے جبکہ۱۷؍اور۱۸جنوری کو بھی کم و بیش موسم کی یہی صورتحال جاری رہ سکتی ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد میں۱۸؍اور۲۰جنوری کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران شمالی اور وسطی کشمیر کے کچھ پہاڑی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ۲۱جنوری کو موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں۲۲سے۲۴جنوری تک موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ۲۳؍اور۲۴جنوری کو وادی چناب کے کچھ اضلاع، اودھم پور، ریاسی اور جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں۲۵؍اور۲۶جنوری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکے برف و باراں کا امکان ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں اگلے دو دنوں کے دوران دھند جاری رہ سکتی ہے ۔ انہوں نے مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ۲۳؍اور۲۴جنوری کو ٹریفک اور انتظامیہ کی طرف سے جاری مشوروں کے مطابق سفر کا منصوبہ بنائیں۔
اس دوران خشک موسمی صورتحال کے بیچ وادی کشمیر میں مسلسل ٹھٹھرتی سردیوں کی لپیٹ میں ہے جس نے لوگوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔
کشمیر ویدر کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور پلوامہ اضلاع وادی کے سرد ترین علاقے رہے ہیں جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ ضلع اننت ناگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں شبانہ درجہ حرارت منفی4.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت منفی4.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی2.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔










