سرینگر//
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار اور صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے ہفتے کی صبح شری امرناتھ گھپا پہنچے اور وہاں بادل پھٹنے کے واقعے کے بعد جاری بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’آئی جی پی کشمیر اور صوبائی کمشنر کشمیر آج (ہفتے ) صبح شری امرناتھ پوتر گھپا پہنچے اور وہاں جاری بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لے رہے ہیں‘‘۔
امر ناتھ گھپا کے نزدیک ہفتے کی صبح بچاؤ آپریشن کو بحال کر دیا گیا اور بچاؤ آپریشن کو مزید کار گر بنانے کیلئے مزید افرادی قوت اور ساز و سامان کو جائے موقع پر لایا جا رہا ہے ۔
این ڈی آر ایف، فوج، پولیس، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ڈی آر ایف کے علاوہ کئی ایجنسیاں بچاؤ آپریشن میں لگی ہوئی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آنے کے پیش نظر یاترا کو فی الوقت معطل کر دیا گیا ہے اور اس کو بچاؤ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی بحال کیا جا سکتا ہے ۔
ادھر امر ناھ گھپا کے نزدیک بادل پھٹنے کے واقعے کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر نے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کی ہیں اور تمام افسران کو اپنے موبائل فون آن رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ۴۳دنوں پر محیط۳۰جون سے شروع ہونے والی اس سالانہ یاترا کے دوران قریب نوے ہزار یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے ۔