برمنگھم// برمنگھم پولیس نے ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ایجبسٹن ٹیسٹ کے چوتھے دن منظر عام پر آنے والے نسل پرستانہ تبصروں کی خبروں کے درمیان ایک 32 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔
برمنگھم پولیس نے جمعہ کو کہا کہ اس شخص کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس نے ٹویٹ کیا: "پیر کو برمنگھم میں ٹیسٹ میچ میں نسل پرستانہ، توہین آمیزسلوک کی رپورٹ کے بعد ایک 32 سالہ شخص کو نسلی اشتعال انگیزی کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے وہ پوچھ گچھ کے لیے حراست میں ہے۔”
پیر کو کئی ہندوستانی شائقین نے سوشل میڈیا کارخ کرتے ہوئے دعویٰ کیاتھا کہ میچ کے چوتھے دن ان کے خلاف نسل پرستانہ تبصرے کیے گئے۔
اسکائی اسپورٹس نیوز کے مطابق، ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے اس وقت کہا تھا کہ انہوں نے معاملے کی مجرمانہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایک ترجمان نے کہاتھا، ’’ہم نے برمنگھم میں ٹیسٹ میچ کے دوران نسل پرستانہ رویے کی رپورٹس کی ایک مجرمانہ تحقیقات شروع کی ہے۔ ہم ایجبسٹن حکام کے ساتھ یہ معلوم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ اس دن کیا ہوا تھا۔ اگرکسی نے کوئی نسل پرستانہ الفاظ یا اشارے سنے یا دیکھے ہیں، یا کوئی ویڈیو ہے جو ہماری مدد کرسکتی ہے، تو ہم اس سے آگے آنے کی درخواست کرتے ہیں۔”
انہوں نے کہا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک مبینہ مجرم کی تصاویر سے واقف ہیں اور اس شخص کی شناخت کے لیے کام کر رہے ہیں۔