ویلنگٹن، یکم نومبر (یو این آئی) بلیئر ٹکنر (چار وکٹیں / 18 ناٹ آؤٹ)، جیکب ڈفی (تین وکٹیں)، رچن رویندرا (46) اور ڈیرل مچل (44) کی شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے تیسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کو دو وکٹ سے شکست دے دی۔ اسی کے ساتھ نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز 3-0 سے اپنے نام کر لی۔ بلیئر ٹکنر کو ان کی عمدہ کارکردگی کے لیے پلیئر آف دی میچ اور سیریز میں 178 رنز بنانے والے ڈیرل مچل کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
آج یہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آئی انگلینڈ کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے 10.1 اوور میں صرف 44 کے اسکور پر اپنے پانچ وکٹ گنوا دیے۔ جیمی اسمتھ (پانچ) اور جو روٹ (دو) کو جیکری فاکس نے آؤٹ کیا، جب کہ بین ڈکٹ (آٹھ)، کپتان ہیری بروک (چھ) اور جیکب بیتھل (11) کو جیکب ڈفی نے اپنا شکار بنایا۔
اس کے بعد جوز بٹلر اور سیم کرن نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے چھٹے وکٹ کے لیے 53 رنز کی شراکت داری کی۔ 22ویں اوور میں بلیئر ٹکنر نے سیم کرن (17) کو آؤٹ کر کے یہ پارٹنرشپ توڑی۔ اس کے بعد ٹکنر نے جوز بٹلر (39) کو بھی بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ جیمی اوورٹن اور برائیڈن کارس نے ٹیم کا اسکور 160 تک پہنچایا۔
32ویں اوور میں ٹکنر نے برائیڈن کارس (38) کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد جوفرا آرچر (16) کو بھی اپنا شکار بنایا۔ 41ویں اوور میں مچل سینٹنر نے جیمی اوورٹن کو آؤٹ کر کے 222 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ جیمی اوورٹن نے 62 گیندوں پر 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹکنر نے چار، جیکب ڈفی نے تین اور فاکس نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مچل سینٹنر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کے 222 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو ڈیون کونوے اور رچن رویندرا نے پہلی وکٹ کے لیے 78 رنز جوڑے۔ 13ویں اوور میں جیمی اوورٹن نے کونوے (34) کو رن آؤٹ کر کے انگلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں سیم کرن نے رچن رویندرا کو بولڈ کر دیا۔ رچن رویندرا نے 37 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔
15ویں اوور میں ول ینگ (ایک) کو اوورٹن نے آؤٹ کیا، جبکہ ٹام لیتھم (10) رن آؤٹ ہوئے۔ 30ویں اوور میں عادل رشید نے مائیکل بریسویل (13) کو پویلین بھیج دیا۔ 36ویں اوور میں کپتان مچل سینٹنر (27) کے طور پر نیوزی لینڈ کا چھٹا وکٹ گرا۔ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود نیوزی لینڈ کے بلے باز رنز بناتے رہے۔ نتھن اسمتھ دو رنز بنا کر اوورٹن کا شکار بنے۔ نیوزی لینڈ کا آٹھواں وکٹ 39ویں اوور میں ڈیرل مچل (44) کے طور پر گرا۔
اس کے بعد فاکس اور بلیئر ٹکنر نے سنبھل کر بلے بازی کرتے ہوئے 44.4 اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا ۔ بلیئر ٹکنر 18 اور فاکس 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن اور سیم کرن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ برائیڈن کارس اور عادل رشید نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔






