کیلیفورنیا، 24 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستانی اسکواش کھلاڑی اناہت سنگھ نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلا گیم جیتا، لیکن ملائیشیا کی شیوسانگری سبرامنیم نے اگلے تین گیمز میں زبردست واپسی کرتے ہوئے پی ایس اے گولڈ ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل 3-1 (5-11، 11-6، 11-4، 11-7) سے جیت کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
دنیا کی 15ویں نمبر کی 18 سالہ اناہت کی دو ماہ کے دوران عالمی نمبر چار شیوسانگری کے خلاف یہ تیسری شکست ہے۔ شیوسانگری نے گزشتہ ماہ جاپان میں ایشین گیمز 2026 کے خواتین سنگلز فائنل میں بھی اناہت کو شکست دی تھی، جبکہ اس سے قبل لندن اسکواش کلاسک کے کوارٹر فائنل میں بھی ہندوستانی کھلاڑی کو ہرایا تھا۔
شیوسانگری نے میچ کے بعد اناہت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی باصلاحیت اور خطرناک کھلاڑی ہیں اور اب ٹاپ کھلاڑیوں میں شامل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی سست روی کے بعد وہ فارم میں واپس آئیں اور درستگی حاصل کرنے کے بعد میچ کا رخ بدلنے میں کامیاب رہیں۔
اناہت نے کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر 14 مصر کی سلمیٰ کو 3-2 سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنائی تھی۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ 2019 کے بعد پی ایس اے ٹور کے گولڈ لیول ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بنی تھیں۔ اس سے قبل دوسرے راؤنڈ میں انہوں نے آٹھ بار کی عالمی چیمپئن اور عالمی نمبر تین مصر کی نور الشربینی کو شکست دے کر اپنے کیریئر کی بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔



