ممبئی، 24 اکتوبر (یو این آئی) ممبئی انڈینز (ایم آئی) نے کیئرون پولارڈ کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آئی پی ایل کی اس ٹیم کے ساتھ ان کے 16 سال پرانے تعلقات میں ایک نیا باب شروع ہو گیا ہے۔ پولارڈ ممبئی انڈینز کے کامیاب ترین ادوار کا اہم حصہ رہے ہیں اور حالیہ برسوں میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔
ممبئی انڈینز کی شریک مالک نیتا امبانی نے پولارڈ کی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، جب پولارڈ ممبئی انڈینز سے وابستہ ہوئے تھے، تب وہ محض 22 سال کے نوجوان کھلاڑی تھے۔ گزشتہ 16 سال میں وہ ہمارے خاندان کا اٹوٹ حصہ بن گئے ہیں۔ کھلاڑی کی حیثیت سے انہوں نے ہمیں کئی یادگار لمحات دیے اور کوچ کے طور پر بھی اپنے تجربے، جذبے اور کھیل کی گہری سمجھ سے ہمیں فائدہ پہنچایا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ اب وہ ہیڈ کوچ کی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
ٹی 20 کرکٹ کی ترقی کے اہم دور کا حصہ رہے پولارڈ کھیل کی بدلتی حکمت عملیوں، تکنیکی تقاضوں اور بڑھتے ہوئے مقابلے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ کھلاڑی اور پھر بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ممبئی انڈینز کے ساتھ ان کے تجربے کو ٹیم کی کامیابی میں اہم سمجھا جاتا ہے۔
ہیڈ کوچ بننے کے بعد پولارڈ نے کہا کہ ممبئی انڈینز کی ذمہ داری سنبھالنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا، ممبئی انڈینز کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھانا میرے لیے اعزاز ہے۔ ایم آئی میری زندگی اور کیریئر کا بہت بڑا حصہ رہی ہے۔ اس ٹیم، کھلاڑیوں کے ساتھ میرا جو تعلق ہے، وہ میرے لیے بے حد خاص ہے۔ کھلاڑی اور پھر کوچ کی حیثیت سے اس سفر کا حصہ رہنے کے باعث میں سمجھتا ہوں کہ ممبئی انڈینز کن اقدار کی نمائندگی کرتی ہے اور نیلے اور سنہری رنگوں والی اس جرسی کو پہننے کے ساتھ کتنی بڑی ذمہ داری آتی ہے۔ مجھ پر اعتماد ظاہر کرنے کے لیے میں نیتا امبانی، آکاش امبانی اور ایم آئی کے پورے خاندان کا شکر گزار ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا، ”میں کھلاڑیوں اور معاون عملے کے ساتھ مل کر کام کرنے، ٹیم کی وراثت کو آگے بڑھانے، صلاحیتوں کو نکھارنے اور پلٹن کو جشن منانے کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرجوش ہوں۔”
پولارڈ کی تقرری کے ذریعے ممبئی انڈینز نے اپنی وراثت کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ نئی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور ٹیم کی ثقافت کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ٹیم کے کامیاب ترین دور کا حصہ رہے پولارڈ اب اپنے تجربے کی بنیاد پر فرنچائز کو اگلے مرحلے میں لے جانے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔



