ڈھاکہ، 23 اکتوبر (یواین آئی) بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے تیز گیندباز تسکین احمد کو 15 رکنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے جمعہ کو ٹیم کا اعلان کیا۔ افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ میں آرام دیے گئے تسکین احمد اب خالد احمد کی جگہ لیں گے۔ افغانستان کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کا حصہ رہے سلامی بلے باز سومیا سرکار کو اس بار ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔
نہید رانا پرانی چوٹ کے علاج کے لیے اس وقت آسٹریلیا میں ہیں اور پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میں بھی ان کی واپسی کے امکانات کم ہیں۔ بنگلہ دیش کے لیے اچھی خبر وکٹ کیپر بلے باز لٹن کمار داس کی واپسی ہے، جو کولہے کی ہڈی کی چوٹ کے باعث متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سہ فریقی سیریز میں نہیں کھیل سکے تھے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف بنگلہ دیشی ٹیم: نجم الحسن شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، تنزید حسن، مومن الحق، مشفق الرحیم، لٹن کمار داس، توحید ہردوئے، ذاکر علی، مہدی حسن میراز (نائب کپتان)، تاج الاسلام، نعیم حسن، حسن محمود، تسکین احمد، عبادت حسین اور شریف الاسلام۔




