نئی دہلی// ہندوستان کی سب سے کامیاب شٹلر پی وی سندھو نے منگل کو اپنی 27ویں سالگرہ منائی۔ وہ عالمی چیمپئن شپ سے لے کر ہندوستان کے لیے اولمپکس میں تمغے جیتنے تک کے سفر میں بیڈمنٹن کی دنیا کا ایک بڑا نام بن چکی ہیں۔
سندھو سائنا نہوال کے بعد اولمپک تمغہ جیتنے والی دوسری ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں۔ وہ سشیل کمار کے بعد مسلسل دو اولمپک تمغے جیتنے والی دوسری ہندوستانی ہیں۔
سندھو نے 2016 کے ریو اولمپک فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کی اور ہندوستان کے لیے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔حیدرآباد میں پیدا ہونے والی سندھو کے پاس سونے کے تمغے سمیت پانچ عالمی چیمپئن شپ کے تمغے ہیں۔ 2019 کی عالمی چمپئن شپ میں سونے کے تمغے جیتنے کے علاوہ، سندھو نے 2013 اور 2014 میں کانسی کے تمغے اور 2017 اور 2018 میں چاندی کے تمغے جیتے ہیں۔
بیڈمنٹن فیڈریشن آف انڈیا (بی اے آئی) کے صدر اور آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے سندھو کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا، "سندھو کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ بیڈمنٹن کورٹ پر آپ کی کامیابیاں حیرت انگیز رہی ہیں۔”