ایرفود (مراکش)، 18 اکتوبر (یو این آئی) — ہندوستان کی موٹر اسپورٹس اسٹار ایشوریا پِسّے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایف آئی ایم ورلڈ ریلیریڈ چیمپئن شپ (ڈبلیو 2 آر سی ) کے سب سے مشکل مرحلوں میں سے ایک، “ریلی دو ماروک” مکمل کر کے تاریخ رقم کر دی وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی ہندوستانی اور ایشیائی خاتون بن گئی ہیں ایشوریا نے خواتین کے زمرے میں پہلا مقام حاصل کیا اور 2025 کے لیے مجموعی ورلڈ ریلی-ریڈ 2ڈبلیو چیمپئن شپ میں چاندی (سلور) کا تمغہ جیتا۔
“ریلی دو ماروک” کو دنیا کی سب سے مشکل کراس کنٹری ریلیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ 2,299 کلومیٹر کے طویل سفر پر مشتمل ہے، جس میں مراکش کے ریتیلے ٹیلے، پتھریلے راستے اور پیچیدہ نیویگیشن شامل ہیں۔ اس میں 1,478 کلومیٹر کے خصوصی مراحل طے کیے جاتے ہیں۔ ریلی 2 کلاس میں حصہ لیتے ہوئے، ایشوریا نے سخت حالات، شدید گرمی اور تکنیکی راستوں کے باوجود اپنی کیٹیگری میں فتح حاصل کی۔
مقابلے کے بعد ایشوریا پِسّے نے کہا:“مراکش نے سب کچھ آزما لیا — مہارت، برداشت اور جذبہ۔ اس ریلی کو مکمل کرنا اور عالمی چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ یہ برسوں کی محنت، قربانی اور یقین کا نتیجہ ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے اس عالمی سطح پر ہندوستان اور ایشیا کی نمائندگی کی۔”








