سرینگر//
اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) نے رینج آفیسر اور فاریسٹ گارڈ کوکر ناگ کو دس ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو کو تحریری طورپر شکایت موصول ہوئی کہ رینج آفیسر کوکر ناگ سہیل یونس شکار ی نے فاریسٹ گارڈ غلام محمد کے ذریعے شکایت کنندہ سے رہائشی مکان کی تعمیر کیلئے لکڑی (کائرو) کے حصول کی خاطر ۲۲ہزار روپے رشوت کا تقاضہ کر رہا ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے دس ہزار روپے کا انتظام کیا اور اس سلسلے میں اینٹی کرپشن بیورو سے قانونی کارروائی کے لئے بھی رجوع کیا۔
اُن کے مطابق شکایت موصول ہوتے ہی اینٹی کرپشن بیورو نے رینج آفیسر اور فاریسٹ گارڈ کوکر ناگ کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۲/۱۰کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
اے سی بی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رشوت خور رینج آفیسر اور فاریسٹ گارڈ کو پکڑنے کی خاطر اینٹی کرپشن بیورو نے ایک جال بچھایا جس دوران فاریسٹ گارڈ غلام محمد نائیکو کو شکایت کنندہ سے دس ہزار روپے کی رشو ت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
ترجمان کے مطابق آزاد گواہوں کی موجودگی میں فاریسٹ گارڈ کے قبضے سے رشوت کی رقم برآمد کرکے ضبط کی گئی۔انہوں نے کہاکہ رینج آفیسر کوکر ناگ سہیل یونس شکاری کو بھی بعد میں گرفتار کیا گیا۔
اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔