سرینگر//
وادی کشمیر میں شدید گرمی کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے۴۸گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں مون سون کی آمد کے لئے حالات ساز گار ہونے کی پیش گوئی کی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں۳۰جون اور یکم جولائی کے دوران حالات مون سون کی آمد کے لئے سازگار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور کافی گرم رہنے کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں اگلے پانچ دنوں تک وادی کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ صوبہ جموں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔
دریں اثنا وادی میں گرمی کا زور برابر جاری ہے اورشبانہ درجہ حرارت میں اضافہ درج ہو رہا ہے ۔
دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۲۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۳ء۴ڈگری سینٹی گرید زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۱۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۱ء۲ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۹ء۳ڈگری سینٹی گرید زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۷ء۱۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۱۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
اس دوران وادی کشمیر میں گرمی کا زور ہر گذرتے دن کے ساتھ تیز سے تیز تر ہورہا ہے۔
سری نگر میں بدھ کو رواں سیزن کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیاجب پارہ ۳۴ ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا۔
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق سری نگر میں بدھ کے روز گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا اور اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پارہ۳۵ ڈگری کو بھی پار کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ماہر فیضان کینگ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سری نگر میں بدھ کے روز رواں سیزن کا گرم ترین ریکارڈ کیا گیا جب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۴ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے پیشین گوئی کی کہ آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے اور عین ممکن ہے کہ درجہ حرارت ۳۵ ڈگری کو پار کرسکتا ہے۔
کینگ کے مطابق جموں صوبے میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مون سون بارشیں متوقع ہے جس کے نتیجے میں وادی میں بھی گرمی کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔
ماہر موسمیات فیضان کینگ نے اعدادو شمار ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ نو جون سال۲۰۲۱ میں سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۷ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سری نگر میں سال ۲۰۱۸ کے جون مہینے میں۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
ماہر موسمیات کے مطابق سرینگر ضلع میں سال۱۹۷۸کے جون مہینے میں پارہ۸ء۳۷ ڈگری کو پار کر گیا تھا۔اْن کے مطابق دس جولائی سال۱۹۴۶میں آل ٹائم زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳ء۳۸ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ ریکارڈ آج تک نہیں ٹوٹا ہے۔اْن کا مزید کہنا تھا کہ جمعے سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے کیونکہ مون سون بارشوں نے جموں میں دستک دی ہے۔