دامبولا// کپتان چمیرا اٹاپٹو (80) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت سری لنکا نے ہندوستان کوتیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 137 رنوں کا ہدف دیا۔ جواب میں اٹا پٹو نے 48 گیندوں پر 80 رن بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس میچ سے قبل سری لنکا کی ٹیم بھارت سے لگاتار 12 ٹی ٹوئنٹی میچ ہار چکی تھی لیکن اس بار سری لنکا نے اس شکست کا سلسلہ توڑ کر سیریز کا آخری میچ جیت لیا۔ تاہم بھارت نے سیریز 2-1 سے اپنے نام کی۔
ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتھا جو ان کے حق میں نہیں گیا۔ سری لنکا کے گیند بازوں نے شروع سے ہی درست لائن اور لینتھ کے ساتھ گیند بازی کی جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کے بلے باز آزادانہ طور پر رن بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ جب بھی انہوں نے تھوڑا سا خطرہ مول لینے کی کوشش کی تو ان کا وکٹ گر گیا۔ جمائمہ روڈریگس اور ہرمن پریت کور نے عمدہ شراکت داری کی لیکن وہ بھی ٹیم کے اسکور کو 140 سے آگے نہ لے جاسکیں۔
سری لنکا کی جانب سے سُگندھا کماری نے بولنگ کا آغاز کیا۔ ان کی پہلی چار گیندیں فل ٹاس تھیں۔ اس سے واپسی کرتے ہوئے انہوں نے اوور کی آخری گیند پر شیفالی ورما کو کور پر کیچ کرا دیا۔ شیفالی فلر لینتھ گیند کوڈرائیو کرناچاہتی تھیں۔ اس کے بعد اسمرتی مندھانا اور ایس میگھنا کے درمیان 41 رنوں کی شراکت ضرورہوئی لیکن اس کے لیے انہوں نے 40 گیندیں کھیلیں۔ اس کے بعد جب مندھانا نے رن ریٹ بڑھانے کی کوشش کی تو وہ لانگ آف پر کیچ ہو گئیں۔ اس کے اگلے ہی اوور میں میگھنا بھی رناویراکی گیند پر آوٹ ہوگئیں۔