سر نگر//
کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے ) کی اکنامک آفنسز ونگ نے جمعرات کو ایک تحصیلدار سمیت سات افراد کے خلاف بدعنوانی، دھوکہ دہی، غلط منتقلی اور ریونیو ریکارڈ میں غلط اندراجات کے سلسلے میں درج ایک مقدمے کے سلسلے میں سری نگر اور بڈگام اضلاع میں متعدد مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
کرائم برانچ کے ایک ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا گیا’’کرائم برانچ کشمیر کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی، جس میں الزام لگایا گیا کہ شکایت کنندہ نے بلہامہ میں ۵کنال ۴مرلہ اراضی۱۷لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے محمد شفیع لون عرف شفیع چینی ولد عبدالاحد لون ساکنہ سری نگر سے خریدی اور اس مقصد کیلئے تین سیل ڈیڈز تیار کیں‘‘۔انہوں نے کہا’’شکایت کنندہ نے محمد شفیع لون کو۸۸لاکھ۴۰ہزار روپے ادا کئے‘‘۔
بیان میں کہا گیا’’شکایت کنندہ نے گوری پورہ میں واقع دو کنال اراضی بھی سودے کے بدلے میں دے دی جسے بعد میں ملزم نے واپس فروخت کردیا‘‘۔انہوں نے کہا’’شکایت میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ ملزمان نے ریکارڈز کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے سیل ڈیڈز کو واپس لے لیا لیکن جب یہ سیل ڈیڈز واپس کی گئیں تو دیکھا گیا کہ خسرہ نمبرات میں تبدیلی کی گئی تھی‘‘۔
بیان کے مطابق شکایت کنندہ خاتون نے الزام لگایا کہ زمین اس کے قبضے میں ہے ۔ تاہم، ایک شخص نے مذکورہ اراضی سے ۲کنال اور۱۰مرلے پر زبردستی قبضہ کر لیا، اور دعویٰ کیا کہ اسے ریاض احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن نوگام، سری نگر نامی شخص نے فروخت کر دیا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ شکایت موصول ہونے پر پولیس اسٹیشن ای او ڈبلیو (کرائم برانچ سری نگر) میں اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران، ابتدائی طور پرثابت ہوا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کو دھوکہ دیا تھا اور متعلقہ ریونیو افسران اور اہلکاروں کے ساتھ مل کر سیل ڈیڈز میں غلط سروے نمبرات کا اندراج کیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ اس کے بعد اس وقت کے تحصیلدار بالہامہ، نصرت عزیز اور (اس وقت کے پٹواری) عاشق علی کی جانب سے ریونیو ریکارڈ میں غلط میوٹیشنز ڈالی گئیں، تاکہ غیر قانونی طور پر ریاض احمد بٹ کو ناجائز فائدہ پہنچایا جا سکے ، جس نے وہ زمین فروخت کی جو اس کی ملکیت نہیں تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ نصرف عزیز دختر عبد العزیز لون ساکن گریز حال مہجور نگر سری نگر (اس وقت کی تحصیلدار بالہامہ، عاشق علی ولد غلام رسول خان ساکن پنر جاگر حال حول سری نگر (اس وقت کے پٹواری بالہامہ)، ریاض احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن نوگام سری نگر، محمد شفیع لون عرف شفیع چینی ولد عبد الاحد لون ساکن مکان نمبر ۱۸۷سیکٹر بی پیر باغ سری نگر، شمیمہ اختر زوجہ محمد شفیع لون ساکن گوری پورہ راول پورہ، شہنواز احمد راتھر ولد نور محمد راتھر ساکن پادشاہی باغ سری نگر اور شبیر احمد وانی ولد محمد اسماعیل وانی ساکن باگندر لسجن ملزموں کی فہرست میں شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان پر انسداد بد عنوانی ایکٹ۲۰۰۶اور متعلقہ دفعات کے تحت جرم ثابت ہوتا ہے اور پولیس اسٹیشن ای او ڈبلیو (کرائم برانچ کشمیر) میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۵/۱۴درج ہے ۔
بیان کے مطابق اس کے بعد معزز عدالت سے تلاشی کے وارنٹ حاصل کیے گئے اور سری نگر اور بڈگام کے دائرہ اختیار میں سات مختلف مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔










