تحریر:ہارون رشید شاہ
الطاف بخاری… اپنی پارٹی کے الطاف بخاری صاحب جب یہ کہتے ہیں کہ ملک کشمیر کی روایتی سیاسی جماعتیں لوگوں … ملک کشمیر کے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں ناکام ہو ئیں تو … تو کیا بخاری صاحب سچ کہہ رہے ہیں ‘ صحیح کہہ رہے ہیں… جی نہیں بخاری صاحب سچ نہیں بلکہ سو فیصد سچ کہہ رہے ہیں …واقعی میں ملک کشمیر کی روایتی سیاسی جماعتیں لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں ناکام ہو ئی ہیں اور… اور سو فیصد ہو ئی ہیں… بخاری صاحب جب یہ کہتے ہیں کہ ملک کشمیر کی روایتی سیاسی جماعتیں اس لئے ناکام ہو ئیں کیونکہ انہیں اپنے ذاتی مفادات کی فکر تھی ‘ وہ اپنے ذاتی مفادات کو تحفظ دینے میں لگیں ہوئی تھیں تو… تو کیا بخاری صاحب سچ کہہ رہے ہیں ‘ صحیح کہہ رہے ہیں؟ جی ہاں بخاری صاحب سچ کہہ رہے ہیں ‘ صحیح کہہ رہے ہیں کہ واقعی میں ملک کشمیر کی روایتی سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے میں لگیں ہو ئی تھیں ۔تو … تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ بخاری صاحب خود کو بری الذمہ قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں… جی ہاں اس کا یہی مطلب ہے کہ بخاری صاحب خود کو اس الزام ‘ اس ناکامی ‘ لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کی ناکامی میں خود کو بری ذمہ قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں… کیا بخاری صاحب اس کوشش میں کامیاب ہو جائیں گے ـ‘ کامیاب ہو سکتے ہیں؟ جی نہیں ‘ بالکل بھی نہیں کہ… کہ بخاری صاحب جن روایتی سیاسی جماعتوں کو لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کررہے ہیں اور… اور بار بار عائدکررہے ہیں ‘ بخاری صاحب خود بھی انہی روایتی سیاسی جماعتیں سے وابستہ تھے ‘ ان کا حصہ تھے… ان کے ساتھ اٹھتے بیٹھتے تھے ‘ ان کے ساتھ مل کشمیر ملک کشمیر کے لوگوں کے بارے میں فیصلہ لیتے ہیں ‘ ان کے ہر ایک فیصلہ کے حصہ دار تھے ‘ ساتھی تھے … اور … اور اللہ میاں کی قسم یہ بخاری صاحب پر کوئی الزام نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے بلکہ سچ ہے… تاریخ ہے ۔یہ تاریخ کہ بخاری صاحب ’روایتی‘ سیاسی جماعت ‘ پی ڈی پی کے ساتھ ایک اچھے خاصے وقت تک جڑے رہے… بلکہ اگر قسمت ساتھ دیتی تو… تو یہ اس جماعت … اس روایتی جماعت سے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بھی براجمان ہوتے… لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا… بخاری صاحب شوق سے روایتی جماعتوں کو کشمیر اور کشمیریوں کے مسائل کا ذمہ دار ٹھہرائیں …ان پر کشمیریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں ناکامی کا الزام اور طعنہ بھی دیں… لیکن ساتھ میں یہ بھی کہیں… یہ سچ بھی کہ کل تک یہ خود بھی انہی روایتی جماعتوں کا حصہ تھے… ان سے وابستہ رہے ہیں… ہے نا؟