نئی دہلی/۲۴جون
سپریم کورٹ نے۲۰۰۲کے گجرات فسادات میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو کلین چٹ دینے والی ایس آئی ٹی رپورٹ کے خلاف دائر کی گئی عرضی کو خارج کر دیا ہے۔
موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف یہ عرضی ذکیہ جعفری نے دائر کی تھی۔ ان فسادات میں ذکیہ جعفری کے شوہر احسان جعفری کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا۔
ذکیہ کے شوہر اور کانگریس لیڈر احسان جعفری کو۲۸فروری۲۰۰۲ کو احمد آباد کی گلبرگ سوسائٹی میں تشدد کے دوران قتل کیا گیا تھا۔ ذکیہ جعفری نے ایس آئی ٹی کی تفتیش پر سوال اٹھائے تھے اور کہا تھا کہ تفتیشی ٹیم نے طریقہ کار پر عمل نہیں کیا۔
سابقہ سماعت کے دوران ذکیہ جعفری کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل کپل سبل نے کہا تھا کہ معاملہ میں ایس آئی ٹی نے سی ڈی آر کی جانچ نہیں کی، گواہان سے بات نہیں کی، فون کی جانچ نہیں کی گئی، تو آخر کس بنیاد پر حتمی رپورٹ داخل کر دی گئی! انہوں نے مزید کہا کہ گلبرگہ سوسائٹی کے واقعہ میں دھماکہ خیز مادہ لانے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اگر ایس آئی ٹی گلبرگہ معاملہ کو دیکھ رہی تھی تو وہ تمام معاملات کی تفتیش کیوں کر رہی تھی۔
وہیں ایس آئی ٹی کی جانب سے پیش وکیل مکل روہتگی نے عرضی گزاروں کی جانب سے دی گئی دلیلوں کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں کی گئی شکایت پر جانچ میں ایسا کچھ نہیں ملا جس کی بنیاد پر اس معاملہ کو آگے بڑھایا جائے، جس کے بعد ایس آئی ٹی نے معاملہ میں حتمی رپورٹ داخل کر دی