سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر، شری منوج سنہا نے آج سری نگر کے راج بھون میں یونیفائیڈ ہیڈکواٹرز میٹنگ کی صدارت کی تاکہ یونین ٹیریٹری میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
اس میٹنگ میں شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، چیف سیکرٹری شری اٹل ڈللو، ڈی جی پی شری نالین پروبھات‘جی او سی ۱۵ویں کور کے لیفٹیننٹ جنرل پرشانت شریواستو، جی او سی ۱۶ویں کور کے لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، جی او سی ۹ویں کور کے لیفٹیننٹ جنرل راجن شاروات، ایئر وائس مارشل وکاس شرما، اے او سی جے اینڈ کے، پرنسپل سیکرٹری ہوم شری چندرکر بھارتی، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی شری نیتش کمار، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اور سی ای او ایس اے ایس بی ڈاکٹر ماندیپ کے بھنڈاری، مسلح افواج، سی اے پی ایف، جے اینڈ کے پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سول انتظامیہ کے سینئر اہلکاروں نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مسلح افواج، سیکیورٹی ایجنسیوں اور جموں و کشمیر پولیس کو ’آپریشن سندور‘ پر مبارکباد دی اور پچھلے چند دنوں میں دہشت گردوں کو کامیابی سے نیوٹرل کرنے پر سراہا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تمام سکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ ٹھیک، انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کریں تاکہ دہشت گردوں کو نیوٹرل کیا جا سکے اور سپورٹ سیلز کو ختم کیا جا سکے۔
سنہا نے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے لیے کلیدی حکمت عملیوں اور وسیع تر انسداد دہشت گردی کے طریقوں پر بات چیت کی تاکہ’دہشت گردی سے پاک جموں و کشمیر‘کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔
ایل جی نے شری امرناتھ جی یاتری کے لیے سکیورٹی کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جو ۳جولائی سے ۹؍ اگست۲۰۲۵تک شیڈول ہے اور مسلح افواج‘نیم فوجی دستے انٹیلی جنس ایجنسیوں اور جموں و کشمیر پولیس کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کی کہ وہ محفوظ اور پرامن مقدس یاترا کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔
اس دوران فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے منگل کے روز لائن آف کنٹرول کے قریب اگلی چوکیوں کا دورہ کر کے موجودہ سیکورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی آپریشنوں اور تربیتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل شرما کو فوج کی تعیناتی اور مقامی سطح پر درپیش چیلنجز کے بارے میں اعلیٰ فوجی افسران نے بریفنگ دی۔
فوجی ذرائع کے مطابق، دورے کا مقصد زمینی حالات کا جائزہ لے کر عملی تیاریوں کو مستحکم کرنا اور آپریشنل ردعمل کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے اگلی چوکیوں پر تعینات فوجی جوانوں کے حوصلے ، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود فوجی اہلکار جس جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ قابلِ ستائش ہے ۔
شرما نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ موجودہ سیکورٹی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ سطح کی چوکسی اور ہمہ وقت تیاری برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے ۔
فوجی کمانڈر کا یہ دورہ ایسے وقت میں عمل میں آیا ہے جب وادیٔ کشمیر اور سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں اور انسداد دہشت گردی آپریشنز میں شدت لائی گئی ہے ۔
دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کی یہ کوشش ہے کہ کسی بھی دراندازی یا تخریب کاری کے منصوبے کو سرحد پر ہی ناکام بنایا جائے ۔