نئی دہلی//سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز وقف ترمیمی ایکٹ 2025 کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی مختلف درخواستوں پر سماعت 20 مئی تک کے لیے ملتوی کر دی۔
اس دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کو یقین دلایا کہ مرکزی حکومت ترمیم شدہ وقف قانون کے تحت اس وقت تک کوئی قدم نہیں اٹھائے گی جب تک اس معاملے میں تفصیلی سماعت مکمل نہیں ہو جاتی۔
یہ معاملہ اب نئے چیف جسٹس جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس اے جی مسیح کی بنچ کے سامنے ہے ۔ جسٹس گوئی نے اس معاملے کی سماعت آئندہ جمعرات کو مقرر کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو عدالت اس سے قبل بھی مداخلت کر سکتی ہے ، اور کہا، "اگر کوئی افسر اس سے پہلے کچھ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ہم یہاں موجود ہیں۔”
جسٹس گوئی کی اس بات پر سالیسٹر جنرل مہتا نے مسکراتے ہوئے کہا، "اس سے پہلے تو میں ہی یہاں بیٹھا ہوں۔” ان کی اس بات پر عدالت میں قہقہہ گونج اٹھا اور آئینی سوالات پر ہونے والی سنجیدہ بحث کے دوران وہاں موجود وکلا کے درمیان کچھ وقت کے لئے خوشگوار ماحول بن گیا۔
کچھ درخواست گزاروں کی طرف سے موجود سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ وہ آج مرکزی درخواست پر بحث نہیں کر پائیں گے ، لیکن یہ ضرور چاہیں گے کہ عدالت عبوری ریلیف دے ، جس کے لیے کم از کم دو گھنٹے کا وقت درکار ہے ۔
سالیسٹر جنرل مہتا نے کہا، "چونکہ اس معاملے میں قانونی دفعات پر روک لگانے کی درخواست کی گئی ہے ، اس لیے بہتر ہو گا کہ اس پر آئندہ ہفتے سماعت کی جائے ۔”
سینئر وکلا شادان فراست، راجیو دھون اور وشنو جین نے بھی اپنی اپنی بات عدالت کے سامنے رکھی۔
عدالت نے بحث کرنے کے لئے وکلاء کی تقرری فریقین پر چھوڑ دی ہے لیکن دونوں جانب سے مقررہ وقت کے مطابق ہی وکلاء کو بحث کرنے کی اجازت ہوگی۔جمعتہ علماء ہند کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے کہا کہ انہوں نے مختصر نوٹ تیار کیا ہے جس کے مطابق ہی بحث کی جائے گی۔ کپل سبل کی جانب سے تیار کی گئی نوٹس کا جواب مرکزی سرکار پیر تک عدالت میں داخل کرے گی اس بات کی یقین دہانی سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے چیف جسٹس کو کرائی ہے ۔اب سپریم کورٹ اس مقدمہ کی سماعت20 مئی کوکریگا۔ کپل سبل کی درخواست پر عدالت نے مرکزی سرکار کی جانب سے متنازعہ دفعات پر دی گئی یقین دہانی کو اگلی سماعت تک برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے ۔آج بھی عدالت میں وقف ترمیمات قانون کی حمایت میں داخل پٹیشن پر بحث کرنے کی اجازت طلب کی گئی جسے چیف جسٹس نے مسترد کردیا اور یہ کہا کہ صرف انہیں پانچ پٹیشن پر بحث کرنے کی اجازت دی جائے گی جسے عدالت نے متعین کیا ہے ۔ بقیہ کسی بھی پٹیشن پر بحث کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ عدالت کی جانب سے متعین کی گئی پانچ پٹیشن میں مولانا ارشد مدنی کی پٹیشن کا پہلا نمبر ہے جس پر سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے آج بحث کی۔اگلی سماعت پر عدالت وقف ترمیمات پر عبوری اسٹے کے تعلق سے ہی سماعت کریگی، اس بات کا خلاصہ چیف جسٹس گوئی نے آج دوران سماعت کیا۔