تو صاحب کیا سیاستدانوں کا سچا ہونا اور سچ کہنا ضروری ہے کیا … کیا یہ ان کیلئے فائدے مند ہے یا گھاٹے کاسودا ؟اور ہاں یہ بھی کہ کیا سیاستدان اس بات کو جانتے ہیں کہ انہیں سچ کہنے اور سچاہونے سے فائدہ ہو گا یا نقصان ؟یہ کچھ سوالات ہیں ‘ بڑے اہم سوالات ‘جن کے جوابات اتنے بھی آسان نہیں ہیں اور… اور بالکل بھی نہیں ہیں ۔ باہر … کشمیر سے باہر کیا عالم ہے ہمیں نہیں خبر ‘ لیکن… لیکن اگر ہم اپنے کشمیر کی بات کریں توصاحب ہمیں لگتا ہے کہ یہاں سیاستدانوں کا سچ کہنا اور ان کا سچا ہونے ان کیلئے گھاٹے کا سوداہے اور… اور اسی لئے کشمیر کے سیاستدان سچ کہتے ہیں اور نہ یہ سچے ہیں… اسی لئے وہ گمراہ کن باتیں ‘ گمراہ کن نعرے اور وعدے کرتے رہتے ہیں… ایسے نعرے جن کی کوئی حقیقت نہیںہو تی ہے… ایسے وعدے جنہیں کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا ہے… ایسے دعوے ‘ جو جھوٹے ہیں … اور سو فیصد جھوٹے ہیں۔لیکن… لیکن کشمیر کے سیاستدان کریں بھی تو کیا کہ اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی آپشن بھی نہیں ہے اور… اور اس لئے نہیں ہے کہ جھوٹی باتوں اور جھوٹے وعدوں کی عادت انہوں نے خود کی ہے اور… اور اب لوگوں… کشمیر کے لوگوں کو بھی سیاستدانوں کی جھوٹی باتیں سننے کی لت پڑ گئی ہے … عادت ہو گئی ہے ۔جب بھی کسی سیاستدان نے کوئی سچی بات کہنے کی جرأت کی تو بے چارے کا سیاست کے میدان سے پتہ ہی کٹ جاتا ہے اور… اور اس لئے کٹ جاتا ہے کہ اگر سیاستدانوں کو سچ کہنے کی عادت نہیں ہے تو… تو ہم … ہم کشمیریوں کو سچ سننے کی عادت نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے… اور اگر کبھی کوئی سیاستدان غلطی سے سچ کہتا بھی ہے اس کے اس سچ کو بھی ہم جھوٹ ہی مان لیتے ہیں ۔انڈا پہلے آیا یا مرغی ‘یہ بحث ابھی جاری ہے… لیکن کشمیر کی سیاست میں جھوٹ کہنے اور جھوٹ سننے کی عادت کس نے ڈال دی … اس میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے کہ… کہ یہ سیاستدان ہی ہیں… کشمیر کے سیاستدان جنہوں نے ہم سے جھوٹ بول کر ہمیں جھوٹ سننے کی عادت ڈال دی۔ایسی عادت جو اب جھوٹی نہیں چھوٹ پا رہی ہے ۔ ہے نا؟