جنیوا،// فرنچ اوپن سے قبل فارم اور فٹنس حاصل کرنے کی کوشش کے تحت جوکووچ نے جنیوا اوپن میں کھیلنے کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری حاصل کرلی ہے۔
پیرس میں اپنا 25 واں گرینڈ سلیم خطاب جیتنے کی کوشش کررہے جوکووچ اٹالین اوپن سے نام واپس لے لیا ہے۔ 37 سالہ سربیائی کھلاڑی گزشتہ ماہ مونٹی کارلو اور میڈرڈ میں کلے کورٹ ایونٹ میں ابتدائی راؤنڈ سے باہر ہونے کے بعد اپنے آخری تین میچ ہار چکے ہیں۔ چھ بار کے چیمپئن جوکووچ نے روم میں ہونے والے اے ٹی پی ماسٹرز ٹورنامنٹ میں حصہ نہ لینے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔
یہ سیزن جوکووچ کے لیے اتار چڑھاؤ سے بھرا ہوا ہے۔ وہ آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے لیکن جرمنی کے الیگزینڈر زیویر کے خلاف پہلا سیٹ ہارنے کے بعد انہیں انجری کے باعث باہر ہونا پڑا۔ دنیا کے نمبر چھ کھلاڑی اس ماہ 38 برس کے ہوجائیں گے، ا نہوں نے میامی اوپن میں دوبارہ فارم حاصل کرنے سے پہلے واپسی پر لگاتار تین میچ گنوائے۔
انہیں فائنل میں جمہوریہ چیک کے طاقتور نوجوان جیکب مینسیک نے شکست دی اور انہوں نے اپنا 100 واں اے ٹی پی خطاب جیتنے کا ایک اور موقع گنوا دیا۔ مجموعی طور پر، انہوں نے اس سیزن میں اپنے 19 میچوں میں سے 12 جیتے ہیں اور جنیوا میں اس ریکارڈ کو بہتر کرنے کی امید ہے۔ اے ٹی پی 250 ایونٹ 18 مئی سے شروع ہوگا جبکہ فرنچ اوپن ایک ہفتے بعد 25 مئی سے شروع ہوگا۔