لاس اینجلس///
امریکہ کے ہیری ایس ٹرومین طیارہ بردار جہاز سے پھسل کر ایک اور امریکی لڑاکا طیارہ منگل کو بحیرہ احمر میں گر گیا۔این بی سی نیوز نے حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی ہے۔ ایک ہفتے سے کچھ زیادہ وقت میں طیارہ بردار بحری جہاز سے امریکی لڑاکا طیارہ گرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ این بی سی نیوز نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ طیارہ، ایف/اے-18 سپر ہارنیٹ، منگل کو مقامی وقت 9:45 بجے کے قریب لینڈنگ کی کوشش کے دوران پانی میں گر گیا۔ حادثے کے وقت لڑاکا طیارہ اریسٹنگ وائر کو جوڑنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ طیارے میں سوار دونوں پائلٹ بحفاظت باہر نکلے اور انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔ واقعے کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ اسی طرح کا ایک واقعہ 28 اپریل کو پیش آیا، جب ہیری ایس ٹرومین سے ایک ایف/اے-18 سپر ہارنیٹ بحیرہ احمر میں گر گیاتھا۔ امریکی بحریہ کے مطابق تمام اہلکار محفوظ ہیں اور ایک سیلر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔