نئی دہلی//
سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق کی آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں زبردست بھارتی بلے بازوں کو پیچھے چھوڑنے پر سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک اچھے کھلاڑی ہیں۔ اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے کہا کہ وہ بہت اچھے کھلاڑی ہیں، اس میں کوئی شک نہیں ہے۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز نے ویسٹ انڈیز سیریز کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں انہوں نے تین نصف سنچریاں سکور کیں اور انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کارکردگی نے اسٹائلش بلے باز کو ون ڈے رینکنگ میں ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑنے کے قابل بھی بنایا۔ آکاش چوپڑا نے کہا کہ امام الحق ون ڈے کرکٹ میں دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، انہوں نے ویسٹ انڈیز کے حالیہ دورے کے دوران کافی رنز بنائے اور اس سے پہلے بھی اچھا کام کیا، امام الحق جو زبردست فارم میں ہیں، اس سال مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں سنچری بنانے کے بعد ون ڈے کے ٹاپ ٹین بلے بازوں کی رینکنگ میں شامل ہوگئے۔
وہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں بیک ٹو بیک سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی اوپنر بھی ہیں۔ سابق بھارتی کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ امام الحق اس وقت ویرات کوہلی سے صرف چار پوائنٹس آگے ہیں جہاں وہ زیادہ وقت تک رہیں گے کیونکہ کوہلی مستقبل قریب میں ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا امام اور کوہلی کے درمیان صرف چار پوائنٹ کا فاصلہ ہے جو زیادہ نہیں ہے لیکن وہ تھوڑی دیر کے لیے کوہلی سے آگے رہیں گے کیونکہ کوہلی مستقبل قریب میں ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلنے والے ہیں۔