نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذات پات پر مبنی مردم شماری کرانے کے فیصلے کو ملک کی ترقی، پسماندہ لوگوں کے حقوق اور سماجی انصاف کے تئیں ان کی وابستگی کا ثبوت قرار دیا اور کانگریس پر سماجی انصاف کے نام پر ڈرامہ کرنے کا الزام لگایا۔
مرکزی وزیر اور سینئر بی جے پی لیڈر دھرمیندر پردھان نے آج مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ذات پات کی مردم شماری کا فیصلہ کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس فیصلے کو ملک کی ترقی، محروموں کے حقوق اور سماجی انصاف کے تئیں مودی حکومت کے عزم کا ثبوت قرار دیا۔
مسٹر پردھان نے کانگریس کے خالی نعروں اور متکبرانہ بیانات پر سخت تنقید کی اور راہل گاندھی کو سماجی انصاف کا مخالف قرار دیا اور کہا کہ کانگریس صرف اقتدار کی خاطر سماجی انصاف کے حق میں ہونے کا ڈرامہ کرتی ہے ۔
مرکزی وزیر مسٹر پردھان نے کہا کہ کل ایک بار پھر ملک کے عوام نے سچے ارادوں اور کھوکھلے نعروں کے درمیان فرق کو واضح طور پر دیکھا۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ذات پات کی مردم شماری کرانے کا فیصلہ سماجی انصاف کے تئیں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ یہ فیصلہ اچانک نہیں کیا گیا ہے بلکہ یہ گزشتہ 11 سالوں سے وزیر اعظم کی قیادت میں معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی کی منطقی اور نظریاتی توسیع ہے ۔ مودی حکومت کا بنیادی منتر رہا ہے "سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کی دعا۔” ہماری تمام اسکیموں اور پروگراموں کا مقصد سماجی انصاف رہا ہے ، تاکہ معاشرے کے تمام طبقات سائنسی اور شفاف طریقے سے استفادہ کر سکیں۔