نئی دہلی// عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کو کانگریس بمقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا رنگ دینا درست نہیں ہے ۔
اے اے پی کی چیف ترجمان پرینکا ککڑ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے پر منگل کو کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ ہمارے نہتے ، معصوم شہریوں پر اتنا بڑا دہشت گرد حملہ کیسے ہوا؟ اس حملے میں لوگوں نے اپنے کنبہ کے روٹی کمانے والوں کو کھو دیا، پھر بھی متاثرین کی بات کیے بغیر یہ سارا معاملہ کانگریس بمقابلہ بی جے پی کیسے بنتا جا رہا ہے ؟ مجھے نہیں لگتا کہ کانگریس اتنی بے وقوف ہے کہ وہ اس وقت سوچے سمجھے بغیر اس طرح کے ٹویٹ کرے گی۔ میرے خیال میں سب کو سیاست سے بالاتر ہوکر پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے اور اس میں اے اے پی ہمیشہ ہ ساتھ کھڑی رہے گی کیونکہ اس میں ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر دیکھنا ہے ۔ ہمیں پاکستان کو جواب دینا ہے ۔
محترمہ ککڑ نے کہا کہ ایسی اندرونی لڑائیاں کیوں ہو رہی ہیں اور ایسا ماحول کیوں بنایا جا رہا ہے یہ میری سمجھ سے بالاتر ہے ۔ اس وقت نہ کانگریس اہم ہے ، نہ بی جے پی اور نہ ہی عام آدمی پارٹی۔ اس وقت ملک اہم ہے ۔ اس وقت ہماری توجہ صرف پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے پر مرکوز ہونی چاہیے ۔ اس کے لیے مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ ایک خصوصی اجلاس بلائے ، سب سے تجاویز لے ، سب کے ساتھ شیئر کرے کہ داخلی سلامتی میں کہاں چوک ہوئی، آگے کیا منصوبہ ہے ، تاکہ ہم پاکستان کو منہ توڑ جواب دے سکیں۔ یہ لڑائی بی جے پی بمقابلہ کانگریس نہیں ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ اسے ایسا رنگ دینے کی ضرورت ہے ۔