ممبئی// انگلش پریمیئر لیگ (ای پی ایل) نے منگل کو ممبئی میں اپنا نیا دفتر کھولنے کا اعلان کیا۔ یہ دفتر مقامی شائقین، شراکت داروں کے ساتھ روابط بڑھانے، ہندوستان میں فٹ بال کو فروغ دینے اور لیگ اور اس کے کلبوں کی مسلسل ترقی میں معاونت کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
پریمیئر لیگ کے چیف ایگزیکٹیو رچرڈ ماسٹرز نے کہاکہ "ہمارا اور ہمارے کلبوں کا ہندوستان میں کافی پرستار ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ فٹ بال کی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ہمیں ہندوستان کے ساتھ اپنی طویل مدتی وابستگی پر فخر ہے، جہاں ہم گزشتہ 18 سالوں سے کمیونٹی فٹ بال پروگرام چلا رہے ہیں اور حال ہی میں انڈین سپر لیگ کے ساتھ شراکت داری کر رہے ہیں۔”
انہوں نے کہاکہ "اس دفتر کا افتتاح پریمیئر لیگ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس سے ہمیں مقامی سطح پر زیادہ مؤثر طریقے سے کام کرنے میں مدد ملے گی، جس سے مداحوں، جیواسٹار اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ہم اس خطے میں پیدا ہونے والے مواقع کے بارے میں پرجوش ہیں۔”
پریمیر لیگ ایک طویل عرصے سے ہندوستان میں فٹ بال کمیونٹی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ نچلی سطح پر لیگ نے 2007 سے برٹش کونسل کے ساتھ شراکت میں پریمیئر اسکلز پروگرام کے ذریعے کمیونٹی فٹ بال افرادی قوت کو بڑھانے میں مدد کی ہے۔ پچھلے 18 سالوں میں یہ پروگرام 18 سے زیادہ ہندوستانی ریاستوں میں منعقد کیا گیا ہے، جس میں 7,300 سے زیادہ کوچزاور ریفریز کو تربیت دی گئی ہے، جس سے 1,000،24 سے زیادہ نوجوان مستفید ہوئے ہیں۔
اعلیٰ سطحی فٹ بال میں، پریمیئر لیگ 2014 سے انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ہندوستان میں نیا دفتر پریمیئر لیگ کی بین الاقوامی توسیع کا حصہ ہے۔ اس سے قبل 2019 میں، لیگ نے سنگاپور میں اپنا پہلا بین الاقوامی دفتر کھولا، بنیادی طور پر پریمیئر لیگ کے مواد کی قزاقی کا مقابلہ کرنے اور نشریاتی شراکت داروں کی حمایت کرنے کے لیےجولائی 2023 میں لیگ نے امریکہ میں مداحوں کی مصروفیت بڑھانے اور این بی سی اسپورٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے نیویارک میں ایک دفتر کھولا۔ اکتوبر 2024 میں لیگ بیجنگ میں ایک دفتر بھی کھولے گی تاکہ وہاں کے شائقین اور شراکت داروں کے ساتھ مشغولیت کو بڑھایا جا سکے اور مقامی طور پر فٹ بال کو فروغ دینے میں مدد ملے۔