نئی دہلی// عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے آج کہا کہ پورا ملک اس بات کا انتظار کر رہا ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کا حکومت پاکستان کو کب منہ توڑ جواب دے گی۔
اے اے پی کے نیشنل میڈیا انچارج انوراگ ڈھانڈا نے آج کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کو چھ دن ہوچکے ہیں اور پورا ملک ان لوگوں کی مکمل تباہی کا انتظار کر رہا ہے جنہوں نے ہندوستانیوں کو بے دردی سے ہلاک کیا اور ملک پر دہشت گردانہ حملہ کیا۔ پورے ملک میں بحث یہ ہے کہ ہندوستان کو ان دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینا چاہئے اور انہیں نیست و نابود کردینا چاہئے ۔ دہشت گردانہ حملے کے حوالے سے ملک کے عوام کے ذہنوں میں کچھ باتیں ہیں۔ عام آدمی پارٹی عوام کے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالات کو مرکزی حکومت تک پہنچانا چاہتی ہے ۔
اے اے پی کے لیڈر نے کہا کہ لوگوں کے ذہنوں میں ایک سوال ہے کہ مرکزی حکومت کو اٹاری روٹ کو واضح طورپر بند کر دینا چاہئے اور ہندوستان پاکستان کے ساتھ تجارت نہیں کرے گا۔ یہ بالکل درست ہے ۔ پاکستان جس طرح دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے اور وہ دشمن ملک ہے ۔ کسی دشمن ملک سے تعلقات اور تجارت نہیں ہونی چاہیے ۔ کیا حکومت نے گجرات اور مہاراشٹر کی بندرگاہوں سے بھی پاکستان کے ساتھ تجارت روک دی ہے ؟ اس حوالے سے صورتحال واضح نہیں ہے ۔ ہماری رائے یہ ہے کہ ہندستان کی پاکستان کے ساتھ تجارت مکمل طور پر بند کر دی جائے تاکہ تجارتی سطح پر بھی پاکستان کی کمر ٹوٹ جائے ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تقریباً 250 کلومیٹر سرحد کے اندر آکر حملہ کرتے ہیں اور کافی دیر تک فائرنگ کرنے کے بعد وہاں سے چلے جاتے ہیں۔ ملک کے عوام کے ذہنوں میں ایک سوال ہے کہ ایسا کیسے ہو سکا ۔ اس کی تحقیقات ایک مقررہ مدت کے اندر ہونی چاہیے اور اگر کوئی ہمارے نظام میں قصوروار ہے تو اس کی شناخت کو عام کیا جانا چاہیے ۔ ایسا نہ ہو کہ پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے کے حوالے سے تحقیقات کی گئی تھیں۔ تحقیقات شروع ہوئے چھ سال ہوچکے ہیں لیکن کوئی نہیں جانتا کہ پلوامہ حملے میں کون کون ملوث تھے ، اتنی بڑی مقدار میں گولہ بارود وہاں کیسے پہنچا، دہشت گرد قافلے کے اندر کیسے پہنچنے میں کامیاب ہوئے ۔