نئی دہلی// ملک کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ وہ فرانس سے اپنی بحریہ کے لیے 26 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے جس میں سنگل اور ٹو سیٹ طیارے دونوں شامل ہوں گے ۔
ہندوستان وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ ہم نے فرانس سے 26 رافیل طیاروں کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
یورپی ملک کی جانب سے ان طیاروں کی فراہمی کے بعد یہ پہلے سے موجود 36 رافیل طیاروں میں شامل ہو جائیں گے جو نئی دہلی حکومت پہلے ہی فرانس سے حاصل کر چکی ہے ۔
حکومت نے پہلی بار 2023 میں فرانس کے قومی دن (بیسٹیل ڈے ) کے موقع پر نریندر مودی کے دورہ فرانس کے دوران 26 رافیل طیارے خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
فرانسیسی ایرو اسپیس کمپنی ڈاسو ایوی ایشن کے تیار کردہ یہ طیارے ہندوستانی ساختہ طیارہ بردار بحری جہازوں سے اڑان بھریں گے اور روسی ساختہ مگ-29 کے طیاروں کی جگہ لیں گے ۔
وزارت دفاع کے بیان کے مطابق رافیل میرین ایک کیریئر سے اڑان بھرنے والا مکمل طور پر لڑاکا طیارہ ہے ، جس کی سمندری ماحول میں آپریشنل صلاحیتیں ثابت شدہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا ان طیاروں کی فراہمی 2030 تک مکمل کر دی جائے گی جب کہ عملے کو فرانس اور ہندوستان میں تربیت دی جائے گی۔ اس معاہدے میں ہندوستانی بحریہ کی تربیت، سازوسامان، ہتھیار اور دیگر متعلقہ لاجسٹک معاونت بھی شامل ہے ۔
یہ معاہدہ ہندوستان کے فرانسیسی فوجی ساز وسامان پر انحصار کی ایک اور واضح مثال ہے ، جس میں 1980 کی دہائی میں خریدے گئے میراج 2000 طیارے اور 2005 میں آرڈر دیے گئے اسکورپین کلاس آبدوزیں شامل ہیں۔